اسلام آباد : ایسا نظر آتا ہے کہ عدلیہ کے اعلیٰ عہدیداران دیگر حکومتی مشینری کے مقابلے میں اپنے 'اسٹیٹس' کے بارے میں زیادہ شعور رکھتے ہیں جب ہی گزشتہ چند ماہ کے دوران دو سابق چیف جسٹس صاحبان اور ایک لاءآفیسر نے اپنے لیے مرسڈیز گاڑی کے حصول کی کوشش کی۔

اب اس 'مرسڈیز کلب' میں نیا اضافہ سابق وفاقی شرعی عدالت(ایف ایس سی) کے چیف جسٹس آغا محمد رفیق احمد خان کی شکل میں ہوا ہے جو ایک آفیشل مرسڈیز کے حصول میں کامیاب ہوگئے ہیں جو درحقیقت اہم شخصیات کی پروٹوکول ڈیوٹی کے لیے وقف تھی۔

ڈان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق اس اٹھارہ سو سی سی مرسڈیز جو آغا رفیق کے زیراستعمال ہے، کی ساٹھ لاکھ روپے ہے، تاہم شرعی عدالت کے چیف جسٹس کی حیثیت سے ریٹائرمنٹ کے بعد سندھ پبلک سروس کمیشن کے چیئرمین کی حیثیت سے کام کرنے والے آغاز رفیق اسے محض پچیس لاکھ روپے کے عوض خریدنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

وزارت قانون و انصاف نے حال ہی میں ایف ایس سی سے کہا تھا کہ وہ وضاحت کرے کہ کس طرح سابق چیف جسٹس آفیشل گاڑی کی خریداری کی منظوری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔

قبل ازیں سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے دسمبر 2013 میں اپنی ریٹائرمنٹ سے چند روز قبل اپنی آفیشل بلٹ پروف مرسڈیز کے حصول کی کوشش کی تھی تاہم کابینہ ڈویژن نے ا س درخواست کو مسترد کردیا تھا کیونکہ اس کے حقدار نہیں تھے، جس پر سابق سی جے پی کے ایک قریبی دوست نے اسلام آباد ہائیکورٹ(آئی ایچ سی) میں درخواست دائر کرکے جسٹس ریٹائرڈ افتخار چوہدری کو بلٹ پروف گاڑی کی فراہمی کا مطالبہ کیا، کابینہ ڈویژن نے عدالتی احکامات کے تحت رواں برس جنوری میں سابق چیف جسٹس کے لیے یہ گاڑی فراہم کردی تھی۔

اس کے بعد اگست میں وزیراعظم نواز شریف نے اٹارنی جنرل سلمان اسلم بٹ کے لیے ایک بلٹ پروف مرسڈیز خریدنے کی منظوری دی، حالانکہ قوانین کے تحت وہ اس کے مستحق نہیں تھے، تاہم بعد میں سلمان بٹ اس درخواست سے دستبردار ہوگئے۔

جسٹس ریٹائرڈ آغا رفیق کے معاملے میں وزارت قانون نے گیارہ ستمبر کو ایف ایس سی رجسٹرار سے یہ وضاحت طلب کی'اس بات سے آگاہ کیا جائے کہ کیا وفاقی شرعی عدالت نے کابینہ ڈویژن کی منظوری سے آفیشل گاڑی (رجسٹریشن نمبر) ایف ایس۔007 کم قیمت میں شرعی عدالت کے سابق چیف جسٹس آغا رفیق احمد خان کو فروخت کی ہے یا نہیں"۔

ریٹائرڈ چیف جسٹس نے ایف ایس سی میں کنٹریکٹ کی بنیاد پر چار جون 2014 تک خدمات سرانجام دیں، اپنے کنٹریکٹ کی مدت ختم ہونے سے پہلے انہوں نے آفیشل مرسڈیز کم لاگت پر اپنی ملکیت میں لینے کی منظوری کی درخواست دی تھی۔

ایف ایس سی کے ایڈیشنل رجسٹرار نے آٹھ جنوری 2014 کو ایک خط وزارت قانون کو ارسال کیا اور اس معاملے پر رائے طلب کی۔

وزارت قانون کے قانونی مشیر اعظم وڑائچ نے اکیس مارچ کو جواب میں کہا کہ اگرچہ جسٹس آغا رفیق کو ایف ایس سی چیف جسٹس کے عہدے پر کنٹریکٹ کی بنیاد پر تعینات کیا گیا ہے، تاہم چیف جسٹس یا وفاقی شرعی عدالت کا کوئی اور جج ریٹائرمنٹ کے بعد کسی قسم کی مراعات کا حقدار نہیں، جس میں کم لاگت پر گاڑی کی خریداری بھی شامل ہے"۔

اس کے بعد تین اپریل کو لکھے جانے والے ایک اور خط میں وزارت قانون کے ایک سیکشن آفیسر نے واضح طور پر کہا کہ کم قیمت پر آفیشل مرسڈیز خریدنے کی درخواست کسی بھی طرح منظور نہیں کی جاسکتی۔

اس اثناءمیں جسٹس رفیق نے یہ معاملہ ججز کمیٹی کے پاس بھجوا دیا جو جسٹس فدا محمد خان اور جسٹس شیخ احمد فاروق پر مشتمل ہے۔

اس کمیٹی نے غور کرنے کے بعد کہا" وفاقی شرعی عدالت کا ہر جج اس کی مدت ملازمت سے قطع نظر کم قیمت میں ایک آفیشل گاڑی خریدنے کا حق رکھتا ہے"۔

سترہ جولائی کو وزارت قانون نے ایف ایس سی رجسٹرار کو ایک خط ارسال کیا" بادی النظر فل کورٹ میٹنگ میں کیا جانے والا فیصلہ نہ صرف مستقل احکامات کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ اس وزارت کی قانونی ذمہ داری کو رد کرنا بھی ہے جو تین اپریل کو اپنے ایک خط میں واضح کرچکی ہے"۔

ایف ایس سی ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ ابتدا میں 2009 میں ایک چوبیس سو سی سی مرسڈیز کو پروٹوکول گاڑی کے طور پر خریدا گیا تھا۔

ان کا دعویٰ تھا کہ اس حیثیت کو مدنظر رکھتے ہوئے گاڑی کو کم لاگت میں فروخت نہیں کیا جاسکتا۔

ایف ایس سی کے موجودہ چیف جسٹس سردار محمد رضا خان نے بھی اس معاملے سے آگاہ ہونے کے بعد تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو آڈٹ کرانے کا کہا ہے۔

ڈان کے رابطہ کرنے پر جسٹس ریٹائرڈ آغا رفیق نے کہا کہ وہ اس معاملے پر بات نہیں کرسکتے تاہم انہوں نے تفصیلات کے لیے وفاقی شرعی عدالت کے رجسٹرار سے رجوع کرنے کا مشورہ دیا۔

ایف ایس سی رجسٹرار بنیامین سے کئی بار کوشش کے باوجود رابطہ نہیں ہوسکا، تاہم عدالت کے ڈپٹی رجسٹرار جاوید اقبال نے ڈان کو بتایا کہ بطور چیف جسٹس آغا رفیق کے پاس " اختیارات" تھے کہ وہ کم لاگت پر ایک مرسڈیز گاڑی خرید سکیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

S.T.HAIDER Oct 20, 2014 12:20pm
انجام گلستاں کیا ہو گا ، ہر شاخ پر اٰلو بیٹھا ہے -- لگے رہو سارے منے بھائیو - لوٹ لو پاکستان کو ، جو جتنا طاقتور ہے ، وہی شان سے جی سکتا ہے - کمزور عام آدمی کی زندگی تو سسک سسک کر کٹ رہی ہے -