پیٹر سِڈل نے مصباح اور یونس کو ہدف بنا لیا

20 اکتوبر 2014
آسٹریلین فاسٹ باؤلر پیٹر سڈل متوقع طور پر مچل جانسن کے ساتھ باؤلنگ کا آغاز کریں گے۔ فائل فوٹو رائٹرز
آسٹریلین فاسٹ باؤلر پیٹر سڈل متوقع طور پر مچل جانسن کے ساتھ باؤلنگ کا آغاز کریں گے۔ فائل فوٹو رائٹرز

دبئی: آسٹریلیا کے صف اول کے فاسٹ باؤلر پیٹر سِڈل نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتان مصباح الحق اور تجربہ کار یونس خان کو اپنا ہدف بنا لیا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 22 اکتوبر سے دبئی میں کھیلا جائے گا۔

عام طور پر خشک اور فاسٹ باؤلرز کے لیے مشکل تصور کی جانے والی دبئی اسٹیڈیم کی پچ پر پیٹر سِڈل متوقع طور پر مچل جانسن کے ساتھ باؤلنگ کا آغاز کریں گے۔

سِڈل نے کہا کہ ہر اننگ میں جلد از جلد دس وکٹوں کا حصول فتح کی کنجی ثابت ہو گا۔

فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ہمیں دس وکٹیں حاصل کرنا ہوں گی، اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ کس کھلاڑی کو آؤٹ کرنا ہے لیکن پاکستانی بیٹنگ لائن میں مصباح اور یونس کی صورت میں تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں اور ان کو آؤٹ کرنا یقیناً مشکل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم کپتان پر دباؤ رکھنا چاہیں گے اور انہی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہماری ترجیح ہو گی کیونکہ اس سے ہمیں اعتماد ملے گا۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں تین صفر کے وائٹ واش کی ہزیمت برداشت کرنے والی پاکستانی ٹیم کو بیٹنگ لائن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس وقت ٹیم کے لیے سب سے پریشان کن بات کپتان مصباح الحق کی فارم ہے جو ایک روزہ سیریز کے دو میچوں میں بالترتیب صفر اور 15 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ سری لنکا کے خلاف گزشتہ ٹیسٹ سیریز کی چار اننگز میں وہ صرف 67 رنز بنا سکے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے دبئی کی وکٹ پر نئی بال کے صحیح طریقے سے استعمال کو بھی اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ میں نے آج وکٹ تو نہیں دیکھی لیکن نئی گیند کا صحیح استعمال انتہائی اہم ہو گا اور ہمیں کچھ اہم وکٹیں لینا ہوں گی جبکہ ریورس سوئنگ اور اسپن کا بھی میچ میں اہم کردار ہو گا۔

یاد رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ہونے والے گزشتہ 14 ٹیسٹ میچز میں سے 13 میں آسٹریلیا نے کامیابی سمیٹی ہے اور آخری مرتبہ 1994 میں پاکستان نے آسٹریلیا کو ٹیسٹ سیریز میں شکست سے دوچار کیا تھا۔

سِڈل نے پاکستان اے کے خلاف چار روزہ میچ میں 153 رنز سے شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم کوئی میچ ہارنا نہیں چاہتے۔

’یہ بہت مایوس تھا اور یہ بات طے ہے کہ ہم کوئی بھی میچ ہارنا نہیں چاہتے چاہے وہ پریکٹس میچ ہو، فرسٹ کلاس یا ٹیسٹ میچ‘۔

اس موقع پر فاسٹ باؤلرز نے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جانب سے دو اسپنرز اسٹیون او کیف اور ناتھن لایون کو کھلائے جانے کا بھی عندیہ دیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 30 اکتوبر سے ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں