اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نوبیل انعام یافتہ پاکستانی نوجوان ملالہ یوسفزئی کے نام پر وویمن ورلڈ کپ منعقد کرانے پر غور کر رہی ہے۔

پی سی بی کے اس اقدام کا مقصد ملالہ یوسفزئی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔

بچیوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد کرنے والی 17 سالہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسفزئی کو رواں ماہ امن کا نوبیل انعام دیا گیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے ایسو سی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) سے بات کرتے ہوئے پی سی بی کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ بورڈ کے چیئرمین نے ملالہ کے نام پر ایک ٹورنامنٹ منعقد کرانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ حالیہ ایشین گیمز میں پاکستان کےلیے گولڈ میڈل جیتنے والی خواتین کھلاڑیوں کے اعتماد میں مزید اضافہ کیا جا سکے۔

تاہم اس سلسلے میں حتمی فیصلہ بورڈ سے مشاورت کے بعد کیاجائے گا۔

مذکورہ عہدیدار کے مطابق پی سی بی نے ملک میں ویمن کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ویمن کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز میں دو مرتبہ گولڈ میڈل حاصل کیا ہے لہذا ملکی سطح پر ان کی خدمات کا اعتراف ان کا حق ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں