نئی دہلی: ہندوستان میں فٹبال میچ کے دوران نوجوان فٹ بالر سابق جرمن سپراسٹار میرو سلاوو کلوزے کے اسٹائل میں جشن مناتے ہوئے اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکا اور جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

گزشتہ منگل کو میزورام پریمیئر لیگ(ایم پی ایل) میں بیتھیلام وینگ تھلانگ فٹبال کلب کے مڈ فیلڈر پیٹر بیاکسنگ زوالا نے کھیل کے 62ویں منٹ پر اپنی ٹیم کے لیے گول اسکور کیا۔

گول اسکور کرنے کے بعد انہوں نے مشہور جرمن لیجنڈری فٹبالر میرو سلاوو کلوزے کے انداز میں خوشی منانے کی کوشش کی لیکن اپنا توازن برقرار نہ رکھ سکے اور زمین پر آ گرے۔

گرنے کی وجہ سے پیٹر کی ریڑھ کی ہڈی اور گردن میں شدید چوٹ آئی جو جان لیوا ثابت ہوئی اور وہ پانچ دن بعد اتوار کو چل بسے۔

موت سے چند روز قبل پیٹر نے بعد از مرگ آنکھیں عطیہ کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔

پیٹر کے کلب نے ان کے اعزاز میں ان کی 21 نمبر کی جرسی آئندہ کسی بھی کھلاڑی کو نہ دینے کا اعلان کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے اعزاز میں ایک میچ کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

فیفا نے اس واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گول کرنے کے بعد جشن منانے کے حوالے سے قوانین بنانے کی ضرورت ہے اور ہم جلد اس سلسلے میں اہم اقدامات کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں