ملالہ یوسف زئی کے لیے امریکا کا لبرٹی میڈل

22 اکتوبر 2014
ملالہ نے میڈل کے ساتھ ملنے والی ایک لاکھ ڈالرز کی رقم کو پاکستان میں تعلیم کو فروغ دینے کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ملالہ نے میڈل کے ساتھ ملنے والی ایک لاکھ ڈالرز کی رقم کو پاکستان میں تعلیم کو فروغ دینے کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

فلاڈیلفیا: حال ہی میں امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی کو لبرٹی میڈل سے نوازا گیا ہے۔

اس میڈل کے ساتھ انہیں ایک لاکھ ڈالرز کی انعامی رقم بھی دی گئی ہے۔

ملالہ یوسف زئی نے اس رقم کو پاکستان میں تعلیم کو فروغ دینے کے لیے وقف کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکی نیشنل کانسٹیٹیوشن سینٹر کی جانب سے لبرٹی میڈل ملالہ یوسف زئی کو دیا گیا، جس کی تقریب فلاڈیلفیا میں منعقد ہوئی۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملالہ نے دنیا کے تمام ملکوں پر زور دیا کہ وہ ہتھیار کی تیاری پر کھربوں کی رقم خرچ کرنے کے بجائے بچوں کے مستقبل کے لیے یہ رقم خرچ کریں۔

امریکی نیشنل کانسٹیٹیوشن سینٹر کی انتظامیہ کے مطابق ملالہ کو لبرٹی میڈل سے نوازنے کا فیصلہ رواں سال تیس جون کو کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ میڈل سابق امریکی صدر جمی کارٹر اور سابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن کو بھی دیا جاچکا ہے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ دس اکتوبر کو بچوں اور خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم کے لیے جدوجہد پر 17 سالہ ملالہ کو امن کا نوبیل انعام دیا گیا تھا۔

یہ انعام ملالہ اور ہندوستان کے کیلاش ستیارتھی کو مشترکہ طور پر اوسلو میں منعقدہ ایک تقریب کے دوران دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع سوات سے تعلق رکھنے والی ملالہ یوسف زئی اکتوبر 2012ء دوران اس حملے میں شدید زخمی ہوگئی تھیں۔

اس حملے کی ذمہ داری طالبان نے قبول کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں