باجوڑ ایجنسی: پاکستان کے قبائلی علاقے باجوڑ ایجنسی میں پولیو ٹیم پر سڑک کنارے ریموٹ کنٹرول بم حملے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہو گئے۔

نمائندہ ڈان ڈاٹ کام نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ پولیو ٹیم کی گاڑی کو باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند میں نشانہ بنایا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں لیویز کے دو اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوئے، جنہیں تحصیل خار کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا، جبکہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز کالعدم تحریک طالبان کی جانب سے باجوڑ ایجنسی میں پمفلٹس تقسیم کیے گئے تھے، جن میں انسدادِ پولیو مہم میں حصہ لینے والے ورکرز کو سنگین نتائنج کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔


مزید پڑھیں: باجوڑ ایجنسی میں طالبان کی پولیو ورکز کو دھمکیاں


طالبان کا مؤقف ہے کہ پولیو مہم اسلامی نظام کے خلاف ہے، لہٰذا جو بھی اس مہم کا حصہ بنے گا، اسے نشانہ بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ رواں سال ملک بھر میں پولیو سے متاثر ہونے بچوں کی تعداد 209 تک جاپہنچی ہے۔

فاٹا میں پولیو کیسز کی تعداد 138 ہو گئی ہے، جب کہ قبائلی علاقوں کے بعد پولیو کے سب سے زیادہ کیسز خیبرپختونخوا میں رپورٹ ہوئے ہیں، جن کی تعداد 43 ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں