سیالکوٹ: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری پر ہندوستانی سیکیورٹی فورسز (پی ایس ایف) اور چناب رینجرز کے درمیان بدھ کی صبح ایک مرتبہ پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، تاہم دونوں جانب کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے۔

چناب رینجرز ذرائع کے مطابق سیالکوٹ کے چار واہ سیکٹر میں ہندوستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کا پاکستان نے بھرپور انداز میں جواب دیا۔

اس تازہ جھڑپ کے بعد ابھی تک پاک فوج کی جانب سے کوئی بیان جاری نہیں کیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انڈیا سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کے ساتھ گولوں کا بھی استعمال کیا جس سے کچھ مکانات کو جزوی نقصان پہنچنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

خیال رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی محاذ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر رواں ماہ کے آغاز میں شروع ہونے والا بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ اب تک نہیں رُک سکا ہے۔

گزشتہ تقریب تین ہفتوں کے دوران فائرنگ کے ان واقعات میں دونوں جانب کم سے کم 19 افراد ہلاک اور 50 کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔

اس کے علاوہ ان واقعات سے سیالکوٹ کی ورکنگ باؤنڈری کے اطراف کے مکانات اور املاک کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔

پاکستان ان واقعات پر ناصرف ہندوستان حکومت سے سفارتی سطح پر احتجاج ریکارڈ کرواچکا ہے، بلکہ اس نے اقوامِ متحدہ سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی معاملات پر پیدا ہونے والی اس کشیدگی کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

دوسری طرف ہندوستان بھی مسلسل دعویٰ کرتا رہا ہے کہ پاکستانی فوج کی اس کے علاقوں میں فائرنگ اور گولہ باری سے کئی عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔

یاد رہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان گیارہ برس قبل سن 2003ء میں جنگ بندی کا معاہدہ ہوا تھا، لیکن حالہ کچھ عرصے میں دونوں ہی ملک اس معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے رہے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

نذیرخان Oct 22, 2014 01:06pm
پاک آرمی نے چوڑیاںپہین رکھی ہے.کوی مانے یا نہ مانے......!