پشاور:پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ یعنی آئی ایس پی آر کے سربراہ میجر جنرل عاصم سلیم باجودہ نے واضح کیا ہے کہ پاکستان سرحد امن چاہتا ہے، لیکن اگر خلاف ورزی ہوئی تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

بنوں میں آئی ڈی پیز کیمپ میں شاہد آفریدی الیون اور آئی ڈی پیز الیون کے درمیان ہونے والے کرکٹ میچ کے بعد میڈیا کے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب کامیابی کے ساتھ جاری ہے اور ہماری کوشش ہے کہ پلان کے مطابق اسے جلد مکمل کرلیا جائے۔

آپریشن متاثرین کی ان کے آبائی علاقوں میں واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل کا کہنا تھا کہ تمام آئی ڈی پیز کی کلیئرنس کے بعد انہیں واپس شمالی وزیرستان بھیجا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ متاثرین کی واپسی سے قبل اُن کے علاقوں میں تمام سہولتیں فراہم کی جائیں گئیں۔

عاصم باجوہ نے یہ بھی کہا کہ کچھ شدت پسند شمالی وزیرستان سے فرار ہوکر خیبر ایجنسی میں چلے گئے ہیں جن کے خلاف 'خیبر ون' کے نام سے آپریشن کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ شمالی وزرستان میں شدت پسندوں کے خلاف پاک فوج کا یہ آپریشن رواں سال 15 جون کو شروع ہوا تھا جس میں فوج کے مطابق اب تک 1100 سے زائد شدت پسند مارے جا چکے ہیں۔

اس آپریشن کو 'ضربِ عضب' کا نام دیا گیا جو کراچی کے بین الا قوامی ہوائی اڈے پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے ایک ہفتے کے بعد شروع کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں