کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے انتہائی حساس علاقے لیاری میں رینجرز نے مبینہ مقابلے میں گینگ وار کے دو ملزمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق خفیہ اطلاع پر رینجرز نے لیاری کے علاقے میں کارروائی کی، اس دوران رینجرز اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔

ترجمان رینجرز کے مطابق دونوں ملزمان کی شناخت عمر کچھی گینگ کے فاروق اور وصی اللہ لاکھو گروپ کے صمد رنگو کے نام سے ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ دو ملزمان شہر میں قتل کی متعدد وارداتوں سمیت جرائم کی سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔

ملزمان کے پاس سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے جسے رینجرز نے اپنے قبضے میں لے لیا۔

اس سے قبل لیاری میں ہی چیل چوک کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پیپلز پارٹی کے ایک سابق کونسلر عبدالخالق کو ہلاک کردیا۔

خیال رہے کہ کراچی شہر میں بڑھتی ہوئی ٹارگیٹ کلنگ اور جرائم کی روک تھام کے لیے گزشتہ سال ستمبر میں وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا تھا۔

اب تک مختلف کارروائیوں میں رینجرز اور پولیس دونوں متعدد افراد کو ہلاک اور گرفتار کرنے کے دعوے کرچکے ہیں، جن میں کچھ کالعدم تنظیم سے وابستہ ملزمان بھی شامل ہیں۔

تاہم، اس کے باجود اب بھی مسلسل فائرنگ، اغوا برائے تاوان اور بھتہ خوری اور تشدد زدہ لاشیں ملنے جیسے واقعات رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں