گجرات: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے لیے ایک نیا چیلنج دینے والا ہوں۔

ظہور الہی اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام 30نومبر کو اسلام آباد دھرنے میں پہنچیں، وزیر اعظم ابھی استعفی نہیں دینا چاہتے کیونکہ انہوں نے بڑے بڑے معاہدے کیے ہوئے ہیں مگر ہم نے نواز شریف کا استعفیٰ لینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پرخود کش حملے پرافسوس ہوا مگر انہوں نے پی ٹی آئی کی خواتین کے لیے جو زبان استعمال کی اس پر شدید دکھ ہوا،پاکستان کی آدھی آبادی خواتین پر مشتمل ہے۔

یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے امیر فضل الرحمن نے کوئٹہ میں ہونے والے جلسے میں کہا تھا کہ نئے پاکستان کے نام پر ملک کی تہذیب کو تباہ کیا جا رہا ہے۔

گجرات میں جلسے سے خطاب میں پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دھرنے کے لیے طاہرالقادری اور میرے مقاصدالگ الگ تھے،سانحہ ماڈل ٹاؤن پر انصاف نہ ملنے پر طاہر القادری نےدھرنادیا،میں نے دھرنا دینے کا فیصلہ ایک سال پہلے کر لیا تھا، میں دھرناختم نہیں کروں گا،نوازشریف کا استعفیٰ لےکرجاؤں گا، طاہرالقادری اوران کےکارکنوں نے جس طرح ڈٹ کرمقابلہ کیاوہ نہیں بھول سکتا، طاہر القادری نےہمارےساتھ60دن گزارےاس پران کا شکریہ اداکرتاہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ گجرات میں جلسہ گاہ میں آنے کے لیے کسی کو پیسے نہیں دیے، یہاں کا جنون دیکھ کر نیا پاکستان نظر آرہا ہے

عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا کوئی بھی رکن اسمبلی میں گیا تو اس کی بنیادی رکنیت معطل کر دیں گے۔

انہوں نے وزیر اعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف یہ جعلی پارلیمنٹ ہے، آپ کون ہیں جو استعفےقبول نہیں کرتے؟۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے کہا کہ 2013 کے الیکشن میں تاریخ کی سب سےبڑی دھاندلی ہوئی، وزیر اعظم یہ سمجھ رہے تھے کہ دھرنا ختم ہو جائے گا، 72دن تک دھرنے سے ثابت ہو گیا کہ یہ کوئی لندن پلان نہیں تھا، اگرلوگ تھک کر دھرنے سے چلے گئے تب بھی میں نہیں جاؤں گا، میں اکیلا ایک تمبو میں رہوں گا لیکن استعفیٰ لے کر ہی اٹھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ آصف زراری نے پوچھا کہ تحریک انصاف کے پاس جلسوں کے پیسے کہاں سے آتے ہیں،تحریک انصاف کے جلسوں کے لیے پیسہ عوام دیتے ہیں

ہندوستان کے وزیر اعظم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نریندر مودی پاکستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں مگر نواز شریف خاموش بیٹھےہیں،یہ وقت کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے اور خطے سے غربت ختم کرنے کا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر ٹیکس چوری کے کیس ہیں وہ پھر بھی انتخابات لڑ لیتے ہیں، میاں صاحب اور ان کا خاندان امیر ہوگیا جبکہ عوام غریب ہوگئی ہے،قرض میں اضافہ ہو رہا ہے لیکن اس سے عوام کو کوئی فائدہ نہیں پہنچ رہا،ہر پاکستانی 90 ہزار روپے کا مقروض ہے۔


کارکن جلسے کے لیے آتے ہوئے حادثے کا شکار، تین ہلاک


گجرات میں جلسے میں شرکت کے لیے جانے والے کارکن حادثے کا شکار ہوئے جس سے تین افراد ہلاک ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق لالا موسیٰ کے قریب بس کی موٹر سائیکل سے ٹکر ہوئی جس میں تینوں افراد ہلاک ہوئے۔


جلسے کے لیے بھر پور انتظامات


پنجاب کے شہر گجرات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے جلسہ سجا لیا ہے۔

جلسہ گاہ کے قریب کارکنان کے رش کی وجہ سے عمران خان کی گاڑی کی اچانک بریک لگی جس کے بعث کئی گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق گاڑی کے اچانک رکنے پر پیچھے آنے والی گاڑیاں ٹکرائیں۔

عمران خان کے قافلے کی گاڑیاں تیز رفتاری کے باعث آپس میں ٹکرا گئیں۔

گجرات پہنچنے پر آمد پر کارکنوں نے عمران خان کا پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر عمران خان نے ہاتھ ہلا کر کارکنوں کے نعروں کا جواب دیا

اسٹیڈیم میں کارکنوں کے داخلے کے لیے 8دروازے رکھے گئے، ملتان میں ہونے والے حادثے کے بعد بھگدڑ کی صورتحال کے پیش نظر اسٹیڈیم کے لوہے کے تمام گیٹ نکال دیئے گئے ہیں۔

سیکورٹی کے لیے 2 ہزار 5سو پولیس اہلکار تعینات ہیں

ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے رضاکاروں کے ساتھ مل کر صورتحال پر کنٹرول رکھیں گے۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے ضلعی صدر محمد الیاس چوہدری کا کہناہے کہ سیکورٹی کی ذمہ داری تحریک انصاف کی نہیں حکومت کی ہے۔

جلسہ گاہ میں تحریک انصاف کے ایک متوالے کا تیار کردہ دیوہیکل بیٹ بھی توجہ کامرکز تھا۔

ساڑھے تین لاکھ روپے کی لاگت سے بلا تیار کرنے والے نوجوان کا کہنا تھا کہ یہ بلا عمران خان کے حوالے کردیا جائے گا۔

تبصرے (2) بند ہیں

islamabadian Oct 25, 2014 12:18am
hahhaa funny speaker key taraf say final notice milnay per members ko dhamki kia baat hai IK kay .. Ik ko pata hai kay ager meray mambers assembly may gay to mera Pol khul jayee ga kio kay koi be istefa nahi dena chahata...
انور امجد Oct 25, 2014 07:55am
لگتا ہے کہ تمام منصوبے ناکام ہونے کے باعث عمران خان ذہنی مریض بنتے جا رہے ہیں. اب تو تاریخ بھی لمبی ڈالنے لگے ہیں. وہ خود تو ایک دن بھی دھرنے میں نہیں رکتے اور اپنے لوگوں کو ایک ماہ سڑک پر گزارنے کا اشارہ دے رہے ہیں. پی ٹی آئ والوں کو اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ کہیں اور دھرنا لگانا چاہیے تاکہ عمران خان گھر نہ جا سکیں.