اسلام آباد : سپریم کورٹ آف پاکستان نے گیارہ مئی 2013 کو ہونے والے عام انتخابات کو کالعدم قرار دینے کے لیے دائر درخواست کو سماعت کے لیے منظور کر لیا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق درخواست کی سماعت 29 سمتبر کو چیف جسٹس ناصر الملک کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کرے گا۔

سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ محمود اختر صدیقی کی جانب سے دائر اس آئنی درخواست میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پارٹی بنایا گیا ہے۔

درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ عام انتخابات میں استعمال ہونے والی مقناطیسی سیاہی ناقص تھی اس لیے سیاہی کی خریداری میں ملوث الیکشن کمیشن کے متعلقہ حکام اور دیگر کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ یاد رہے کہ گزشتہ سال ہونے والے عام انتخابات کے دوران اپوزیشن میں موجود پاکستان تحریک انصاف سمیت کئی دیگر سیاسی جماعتوں کی جانب سے دھاندلی کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔

پاکستان کے وزیرداخلہ چوہدری نثار بھی قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے یہ قبول کر چکے ہیں کہ کئی حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق میں یہ چیز سامنے آئی ہے کہ پولنگ کے دوران استعمال کی گئی مقناطیسی سیاہی ناقص تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں