’آئی سی سی پابندی کا شکار کھلاڑیوں کیخلاف قوانین نرم کرسکتی ہے‘

27 اکتوبر 2014
پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر—اے پی فائل فوٹو۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر—اے پی فائل فوٹو۔

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ممکنہ طور پر پابندی کا شکار کھلاڑیوں کو پابندی ختم ہونے سے کچھ عرصہ قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دے سکتی ہے۔

یہ معاملہ آئندہ ماہ ہونے والے اجلاس میں زیر غور آئے گا جس سے پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عامر کو فائدہ ہوسکتا ہے۔

آئی سی سی چیف ایگزیکیٹیو نے تصدیق کی ہے کہ ممکنہ طور پر پابندی کا شکار کھلاڑیوں کے خلاف قوانین کو نرم کیا جائے گا۔

انہوں نے دبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ نومبر میں ہونے والے آئی سی سی اجلاس میں اٹھایا جائے گا۔

اگر اس ترمیم پر اتفاق ہوجاتا ہے تو پابندی کا شکار کھلاڑی پابندی ختم ہونے سے قبل ہی آئی سی سی کی اجازت سے ڈومیسٹک کرکٹ کھیل سکیں گے۔

آئی سی سی درخواست کو انٹی کرپشن اور سیکورٹی یونٹ کے سپرد کرے جہاں سے کلیئرنس ملنا ضروری ہوگا۔

عامر کے ساتھ ساتھ سلمان بٹ اور محمد آصف پر بھی 2010 میں ہونے والے اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے بعد پابندی لگی تھی۔

پابندی سے قبل عامر نے اپنا بین الاقوامی کریئر انتہائی شانداز انداز میں کیا تھا اور انہیں مستقبل کا بہترین تیز گیندباز قرار دیا جارہا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں