اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی نے کہا ہے کہ مذاکرات بحال کرنے کے لیے اب پاکستان ہندوستان سے رابطہ نہیں کرے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کو خصوصی انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ اگر ہندوستان مذاکرات کی بحالی چاہتا ہے تو اسے پہل کرنا ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان انتخابات کے باعث سرحدوں پرکشیدگی پیداہوئی، مودی حکومت ووٹوں کیلئے پاکستان مخالف جذبات بھڑکارہی ہے۔

طارق فاطمی کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی فی الحال مشکل دکھائی دے رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر پاک فوج صرف جوابی کارروائی کررہی ہے۔

دوسری جانب ہندوستانی سرحدی فورس بی ایس ایف نے سیالکوٹ میں زیرو پوائنٹ پر بدھ کو سارا دن وقفے وقفے سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رکھا جس سے تیس سالہ کسان توقیر حسین شدید زخمی ہوگیا۔

بی ایس ایف کے اہلکار زخمی کسان کو اٹھا کر سرحد پار لے گئے جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

اٹھائیس اکتوبر کو بھی کنٹرول لائن پر فائرنگ سے ستر سالہ بزرگ شہری کی ہلاکت پر دفترخارجہ نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ہندوستانی سفارتکار کو طلب کرکے احتجاجی مراسلہ دیا گیا اور فائرنگ کے واقعات فوری روکنے کا مطالبہ کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں