کامیاب جلسے پی ٹی آئی 'باغیوں' کی راہ میں حائل

31 اکتوبر 2014
پنجاب اسمبلی۔ — اے پی پی
پنجاب اسمبلی۔ — اے پی پی

لاہور: وزیر اعظم نواز شریف سے استعفی لینے کے لئے پاکستان تحریک انصاف یقینی طور پر مطلوبہ دباؤ تو نہیں ڈال سکی لیکن پنجاب کے مختلف شہروں میں جلسوں کی وجہ سے اسے اتنی عوامی تائید ضرور مل گئی ہے کہ وہ اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کے معاملہ پراپنے باغی ارکان پر چیک رکھ سکے۔

پی ٹی آئی کے ایک سینئر رہنما نے ڈان سے گفتگو میں تسلیم کیا کہ ان کی پارٹی کو استعفوں کے معاملہ پر کچھ ارکان پنجاب اسمبلی کی مذاحمت یا ہچکچاہٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ پی ٹی آئی ارکان کا سپیکر پنجاب اسمبلی کے سامنے استعفوں کی تصدیق کے موقع پر اپنا فیصلہ بدل دینے کا خطرہ موجود ہے۔

'پی ٹی آئی پنجاب کے قانون سازوں نے مشترکہ طور پر تحریری استعفے دے دیے ہیں لیکن یہ خدشہ موجود ہے کہ ان میں سے کچھ سپیکر کے سامنے کہہ دیں کہ انہوں نے یہ قدم دباؤ میں آ کر اٹھایا اور اس وجہ سے ان کے استعفے منظور ہونے سے رہ جائیں'۔

انہوں نے بتایا کہ اس ممکنہ 'بغاوت' کے پیش نظرپارٹی قیادت نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کے ارکان پنجاب اسمبلی کسی صورت بھی اکیلے یا ذاتی حیثیت میں سپیکر کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی کے پارلیمانی رہنما میاں محمود الرشید بار ہا استعفوں کے معاملے پرارکان صوبائی اسمبلی میں کسی اختلاف کی تردید کر چکے ہیں۔

تاہم، سینئر پی ٹی آئی رہنما نے بتایا کہ پی پی -107، حافظ آباد کے ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے والی پی ٹی آئی کی بیگم نگہت انتسار بھٹی نے اب تک اپنا استعفی جمع نہیں کرایا۔

محمود الرشید کا دعوی ہے کہ محترمہ بھٹی ان کے ساتھ ہیں اور وہ واپس آنے کے فوراً بعد پارٹی لائن پر چلتے ہوئے استعفی دے دیں گی۔

حال ہی میں پنجاب کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی جلسوں میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت پارٹی کے لئے خدا کی نعمت ثابت ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی رہنما کے مطابق ' غیر منتخب رہنماؤں کی جانب سے پارٹی پالیسی چلائے جانے پر کچھ ناراض ایم پی ایز پنجاب کے شہروں میں عوامی جذبات دیکھنے کے بعد یہ سوچنے پر مجبور ہو گئے ہیں کہ وہ استعفوں کے معاملہ پر بغاوت کریں یا نہیں'۔

'ایسے ایم پی ایز کو حکمران جماعت پی ایم ایل –ن کی طرف سے کوئی یقین دہانی نہیں کرائی جا رہی اور انہیں خدشہ ہے کہ ملک میں مڈ ٹرم الیکشن ہونے کی صورت میں کہیں وہ پی ٹی آئی ٹکٹ سے محروم نہ رہ جائیں'۔

تبصرے (0) بند ہیں