'سیٹھی آئی سی سی عہدے کے اہل نہیں'

اپ ڈیٹ 01 نومبر 2014
نجم سیٹھی عالمی فورم پر پاکستان کیلئے اچھے نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ذکاء اشرف۔ — فائل فوٹو
نجم سیٹھی عالمی فورم پر پاکستان کیلئے اچھے نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے، ذکاء اشرف۔ — فائل فوٹو

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکاء اشرف نے حکومت کو مشورہ دیا ہے کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے اگلے صدر کیلئے نجم سیٹھی کے بجائے کوئی اور مناسب شخص کو نامزد کرے۔

ذکاء کے مطابق، سابق پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی عالمی فورم پر پاکستان کیلئے اچھے نتائج حاصل کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

'آئی سی سی میں اس اہم عہدہ کیلئے ایک ایسے شخص کی ضرورت ہے جو عالمی شہرت یافتہ سابق ٹیسٹ کپتان ماجد خان ، سابق چیئرمین توقیر ضیاء، خالد محمود یا عارف علی خان عباسی جیسا مضبوط کرکٹ بیک گراؤنڈ رکھتا ہو'۔

ذکاء کا یہ بیان ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب پاکستان نے سیٹھی کو اگلے آئی سی سی صدر کے لیےنامزد کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ذکاء کا کہنا تھا کہ سیٹھی آئی سی سی کے بگ تھری فارمولا تسلیم کرتے وقت پاکستان کیلئے بڑا فائدہ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

ذکاء نے یاد دلایا کہ انہوں نے بطور پی سی بی چیئرمین بگ تھری فارمولا کی مخالفت کی تھی کیونکہ پاکستان سمیت دوسرے ملکوں کو بڑے مالی نقصان کا سامنا تھا اور وہ اس فارمولے کو قبول کرنے سے پہلے پاکستان کیلئے زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کرنا چاہتے تھے۔

'میں انٹرنیشنل آربٹریشن کورٹ کے سائے میں انڈیا کے ساتھ دو طرفہ سیریز کا ایک معاہدہ کرنا چاہتا تھا تاکہ پاکستان کو کسی قسم کے مالی نقصان سے بچایا جا سکے کیونکہ انڈیا ماضی میں اپنے وعدوں سے پھرتا آیا ہے اور میں ان سے یقینی ضمانتیں حاصل کرنا چاہتا تھا'۔

ذکاء نے واضح کیا کہ 2012 ، ان کے دور میں یہ فیصلہ کیا گیا تھا کہ آئی سی سی کا اگلا صدر پاکستان سے ہونا چاہیے اور اس فیصلہ کا بگ تھری فارمولا سے کوئی تعلق نہیں تھا۔

انہوں نے چیئرمین شہریار خان کی جانب سے پی سی بی میں کسی ملازم کے لیے دو یا اس سے زائد عہدے رکھنے پر ممانعت کے فیصلہ کی تعریف کی۔

ذکاء نےآسٹریلیا کے خلاف یو اے ای میں جاری ٹیسٹ سیریز میں مڈل آرڈر بلے باز یونس خان کی دھواں دار پرفارمنس کی بھی تعریف کی۔

'یونس خان کے لئے کم بیک کرنا آسان نہیں تھا بالخصوص ایسے وقت پر جب انہیں سلیکٹروں نے غیر منصفانہ طور پر سائیڈ لائن کر دیا لیکن یونس نے یقینی طور پر آسٹریلیا کے خلاف اپنی کلاس دکھا دی'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں