2017 تک تھر کول پاور منصوبے مکمل کر لیں گے، خواجہ آصف

20 نومبر 2014
وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف۔ فائل فوٹو رائٹرز
وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف۔ فائل فوٹو رائٹرز

اسلام آباد: وزیر پانی اور بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 1320 میگا واٹ کے تھر کول پاور منصوبے 2017 تک مکمل کر لیے جائیں گے۔

ریڈیو پاکستان کے مطابق جمعرات کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ ہی تھر توانائی کا مرکز بن جائے گا اور وہاں نوکری کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔

وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے رواں سال جنوری میں 1.6 ارب ڈالر کے منصوبے کا مل کر افتتاح کیا جہاں منصوبے کی تکمیل سے ملک میں توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

ضلع تھرپارکر میں واقع بلاک II کا یہ منصوبہ 79.6 مربع کلومیٹر کے علاقے پر محیط ہے اور فزیبلٹی سٹڈی کے مطابق یہ منصوبہ کمرشلی قابل عمل ہے اور اس کے کسی قسم کے ماحولیاتی اور سماجی منفی اثرات نہیں ہیں۔

پہلے مرحلے میں کول مائننگ کی جائے گی اور 38 لاکھ ٹن کوئلے سے سالانہ 660 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی گنجائش ہو گی بعد میں اس کی استعداد 65 لاکھ ٹن سالانہ کوئلے کے ذریعے 1300 میگاواٹ تک بڑھائے گی۔

دوسرے مرحلے میں ایک کروڑ 35 لاکھ ٹن اور ایک کروڑ 95 لاکھ ٹن کوئلے سے 2400 میگاواٹ اور 3600 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔

تھر میں کوئلے کے ذخائر کا اندازہ 175 ارب ٹن ہے جو سعودی عرب اور ایران کے تیل کے مجموعی ذخائر کے برابر ہے اور اس سے 200 سال کے لئے ایک لاکھ میگاواٹ بجلی پیدا ہو سکتی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Tanveer Ahmed Shahid Nov 20, 2014 08:08pm
Agar ALLAH nay Pakistan ko itna nawaza ha tou hamaray leaders apnay kartooton say is ko zaya kyun kar rahay han