وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کو توہین عدالت کا نوٹس

اپ ڈیٹ 20 نومبر 2014
سندھ ہائی کورٹ کی عمارت۔ فائل فوٹو آن لائن
سندھ ہائی کورٹ کی عمارت۔ فائل فوٹو آن لائن

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے وزیر اطلاعات سندھ کے خلاف دائر توہین عدلیہ کی درخواست پر انہیں نوٹس جاری کردیا۔

یونائیٹڈ ہیومن رائٹس آف پاکستان کے سیکریٹری جنرل نے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ 14 نومبر کو سندھ اسمبلی کے فلور پر صوبائی وزیر نے کراچی کی زیریں عدالتوں کا مذاق اڑاتے ہوئے ان کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کیے تھے۔

حسن نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ شرجیل میمن نے کہا تھا کہ پولیس اپنی جان خطرے میں ڈال کر مجرموں کو پکڑتی ہے اور جج انہیں چھوڑ دیتے ہیں، عدلیہ کی توہین کے حامل یہ جملے آئین پاکستان کے آرٹیکل 204 اور 58 کی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ وزیر توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں اور انہیں صوبائی اسمبلی کے رکن کی حیثیت سے نااہل قرار دیا جائے۔

درخواست گزار نے اپنی درخواست میں وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور اسپیکر سندھ اسمبلی کو بھی فریق بناتے ہوئے دلائل دیے کہ یہ اسپیکر کی ذمے داری ہے کہ اس طرح کے بیانات اسمبلی کے فلور پر استعمال نہ کیے جائیں۔

ابتدائی دلائل کے بعد عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کردی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں