محمد آصف آج پی سی بی چیئرمین سے ملاقات کرینگے

21 نومبر 2014
پابندی کا شکار فاسٹ باؤلر محمد آصف—اے ایف پی فائل فوٹو۔
پابندی کا شکار فاسٹ باؤلر محمد آصف—اے ایف پی فائل فوٹو۔

لاہور: پابندی کا شکار فاسٹ باؤلر محمد آصف جمعے کو پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے نئے قوانین سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔

نئے قوانین کے مطابق پابندی کا سامنا کرنے والے کھلاڑیوں کو پابندی کی مدت ختم ہونے سے چند ماہ قبل ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔

31 سالہ آصف نے جمعرات کو قذافی اسٹیڈیم کا دورہ کیا اور صحافیوں کو بتایا کہ انہیں چیئرمین سے ملاقات کے لیے جمعے کا دن دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ چیئرمین سے ریہیب پروگرام مکمل کرنے کی اجازت طلب کریں گے جسے نئے قوانین سے فائدہ اٹھانے کے لیے لازم قرار دیا گیا ہے۔

23 ٹیسٹ اور 38 ایک روزہ میچوں میں پاکستانی کی نمائندگی کرنے والے آصف کو کپتان سلمان بٹ اور محمد عامر کے ساتھ 2010 کے انگلینڈ کے دورے کے دوران اسپاٹ فکسنگ کا مجرم پایا گیا تھا۔

بعدازاں سلمان بٹ پر دس، آصف پر سات اور محمد عامر پر پانچ سالوں کی پابندی عائد کی گئی تھی۔

تاہم پی سی بی کی زیر نگرانی ریہیب پروگرام مکمل کرنے کی صورت میں سلمان اور آصف کی پابندی پانچ سال تک محدود کی جاسکتی ہے۔

عامر پر پانچ سال کی پابندی عائد کی گئی تھی تاہم انہوں نے آئی سی سی سے تعاون کیا جس کے باعث انہیں ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی اجازت کے سلسلے میں آئی سی سی سے کلیئرنس مانگی گئی ہے۔

عامر کی پانچ سالہ پابندی ستمبر 2015 میں ختم ہوگی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں