واشنگٹن: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے عزم ظاہر کیا ہے کہ جن لوگوں نے پاکستانی فوجیوں کے سر سے فٹبال کھیلی انہیں نہیں چھوڑیں گے۔

امریکا میں پاکستانی سفارتخانے میں عشائیے کے دوران دھواں دھار تقریر کرتے ہوئے پاک فوج کے سربراہ نے تمام دہشت گرد گروپوں کے خاتمے تک انتہا پسندی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کا عہد کیا۔

راحیل شریف نے کہا کہ 'ان شرپسندوں، بربریت پسندوں نے ہمارے فوجیوں کے سر سے فٹبال کھیلی اور یہ منظرہمارے دماغ سے کبھی نہیں مٹ سکتا'۔

انہوں نے امریکی انتظامیہ کو یقین دہانی کرائی کہ 'شدت پسندوں کے خلاف آپریشن میں تمام دہشت گردوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، چاہے وہ پاکستانی فوجیوں پر حملہ کریں، افغان فوجیوں پر یا امریکی فوج پر'۔

آرمی چیف نے کہا کہ 'میں یہ بات کھل کر کہنا چاہتا ہوں کہ یہ آپریشن تمام رنگ و نسل کے دہشت گردوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت کے بغیرجاری ہے چاہے وہ حقانی نیٹ ورک ہو، تحریک طالبان پاکساتن یا کوئی اور'۔

انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی ذاتی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 'وہ ہمیشہ سے اس لعنت کو ختم کرنا چاہتے تھے'۔

راحیل شریف کا کہنا تھا کہ 'فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد میں شدت پسندوں کے خاتمے کے لیے پرعزم تھا، ہم نے سیاسی حکومت سے مشاورت کے بعد آپریشن شروع کیا جو کامیابی سے جاری ہے اور تمام دہشت گردوں کے خاتمے تک جاری رہے گا'۔

انہوں نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 'یہ آپریشن صرف جنوبی یا شمالی وزیرستان تک محدود نہیں، پورے ملک میں جاری ہے کیونکہ فوج اور حکومت یہ جنگ جیتنے کے لیے پرعزم ہیں'۔

فوجی سربراہ نے متعدد مرتبہ امریکیوں کو یقین دہانی کرائی کہ فوج حقانی نیٹ ورک کو بھی نشانہ بنا رہی ہے۔

عشائیے کے موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ ' داعش جیسی تنظیم کو پاکستان اور افغانستان میں داخلے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'نئی افغان حکومت پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کی خواہاں ہے اور جلد ہی دونوں ملکوں کے تعلقات میں خوشگوار تبدیلی دیکھی جا سکے گی'۔

آرمی چیف نے کہا کہ 'امریکا کے ساتھ تعلقات بھی بہتر سمت میں گامزن ہیں اور فوجی تعلقات بہتر بنانے کے سلسلے میں میری امریکی ہم منصب سے ملاقات بہت اچھی رہی'۔

تبصرے (3) بند ہیں

raza haider Nov 21, 2014 01:08pm
Many Military generals have proved their selection as right and justified reflecting their worth and girth as commander and like commander; Raheel sharif is undoubtedly our asset.
Mansour Haidar Raja Nov 22, 2014 07:23pm
داعش ،،، کا پاکستان اور ‘‘ افغانستان ّ‘ پر ‘‘ سایہ ‘‘ بھی نہیں پڑنے دیا جاۓ گا ،،،، پاک آرمی چیف پاک آرمی چیف کا ایک ایسا بیان جس میں جواب کے بجاے کہیں ‘‘ سوالات ‘‘ ذھن پر دستک دے رھے ہیں ؟ 1۔۔۔ داعش کی موجودگی تو ملک کہ کہیں حصوں میں چند ماہ سے محسوس کی جارھی ھے ! 2۔۔۔۔۔ افغانستان ،،، میں داعش کے ساۓ کو نا پڑنے دینے کے دعویٰ کی حقیقت کس اختیار کے زمرے میں آتی ھے ؟ 3 ۔۔۔ اگر یہ سب واقعی آپ کے کنٹرول میں ھے یا ھیں تو لاکھوں پاکستانیوں کے خون کا ذمہ دار کون ھے ؟
حسین عبداللہ Nov 26, 2014 12:04am
امید ہے کہ ایسا ہو مگر آپ بیورکریسی ملاکریسی اور گلوکریسی صفت حکومت کا کیا کرینگے کیا داعش صفت مدارس اور دینی مراکزمیں بھی ضرب عضب ہوگا؟ داعش صفتوں کے نظریاتی و فکری مراکز کے خاتمے کے بغیر ضرب عضب کوئی نمایاں کامیابی نہیں دلائے گا داعش کے سیاسی و مذہبی چہروں کو بھی بے نقاب کرنا ضروری ہے