اسٹارز کے نام پر منسوب حیرت انگیز چیزیں

اسٹارز کے نام پر منسوب حیرت انگیز چیزیں


دنیا بھر میں فنکاروں کو ان کی کامیابی پر ہر طرح کی عزت، شہرت اور مالی کامیابی ملتی ہے مگر کئی بار انہیں خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کسی گلی، سڑک وغیرہ کو بھی ان کے نام سے منسوب کردیا جاتا ہے مگر کچھ ستارے ایسے بھی ہوتے ہیں جن کے نام پر کچھ ایسی چیزیں منسوب کردی جاتی ہیں جو انتہائی حیرت انگیز ہوتی ہیں۔

ان میں صرف ہولی وڈ نہیں بلکہ بولی وڈ کے اسٹارز بھی شامل ہیں جن کے نام سے منسوب چیزوں کے بارے میں جاننا واقعی دلچسپ ثابت ہوگا۔


سلمان خان


— پبلسٹی فوٹو
— پبلسٹی فوٹو

اداکار سلمان خان عام لوگوں میں بہت پسند کیے جاتے ہیں بلکہ کچھ پرستار تو ان کی پوجا تک کرتے ہیں، وہ صرف ہندوستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں بھی انتہائی مقبول ہیں جس کا ثبوت یہ ہے کہ ترکی میں ایک کیفے کو ان کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے، درحقیقت فلم 'ایک تھا ٹائیگر' کی شوٹنگ کے دوران 2012 میں سلمان ترکی کے ایک کیفے میں روزانہ جایا کرتے تھے اور اس دوران انہیں لگا کہ اس جگہ میں کچھ بہتری کی ضرورت ہے جس کے لیے انہوں نے چند تجاویز بھی پیش کیں اور وہ کام بھی کرگئیں، جس کے بعد کیفے ڈیل مار کا نام تبدیل کرکے 'سلمان خان کیفے' رکھ دیا گیا تاکہ ان کی مدد کو خراج تحسین پیش کیا جاسکے۔


شاہ رخ خان


— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

بولی وڈ کے کرشماتی کنگ خان شاہ رخ صرف دلوں کے ہی بادشاہ نہیں بلکہ وہ دنیا بھر میں سب سے مقبول انڈین اداکار بھی مانے جاتے ہیں اور 2009 میں ان کی 44 ویں سالگرہ کے موقع پر 'چاند کے ایک ٹکڑے' کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا، جنوری 2010 کو انٹرنیشنل لونر جیوگرافک سوسائٹی نے شاہ رخ خان کے نام پر یہ ٹکڑا کرنے کا اعلان کیا تھا، جس کا فیصلہ 2 نومبر 2009 کو شاہ رخ خان کی 44 ویں سالگرہ پر کیا گیا۔


مادھوری ڈکشت


— رائٹرز فوٹو
— رائٹرز فوٹو

اپنی مسکراہٹ سے کروڑوں دلوں پر بجلیاں گرانے والی مادھوری کے نام پر جون 2012 میں 'ستاروں کا ایک جھرمٹ' منسوب کیا گیا، اس سلسلے میں دی ایمپریس نامی ایک گروپ نے مادھوری سے مل کر سرٹیفکیٹ بھی پیش کیا جس کو دیکھ کر وہ حیران رہ گئیں اور اپنے پرستاروں کا شکریہ ادا کرنے پر مجبور ہوگئیں جن کی بدولت انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا۔


سنجے دت


— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

تاہم سڑکیں، گلیاں، کیفے یا خلائی جگہیں ہی نہیں کچھ ایسی چیزیں بھی اسٹارز کے نام سے منسوب ہوتی ہیں جو حیران کردیتی ہیں جیسے کوئی پکوان اور ایک 'مزیدار دار چکن پکوان' سنجے دت کے نام سے منسوب ہے، ممبئی کے ایک نور محمد ہوٹل کے مالک نے چکن ڈوسا کی ایک ڈش سنجے دت کے نام بطور شکریہ تیار کی، کیونکہ اس ڈش کو بنانے کی ترکیب بولی وڈ کھل نائیک نے دی تھی جو انتہائی مقبول ہوئی۔


امیتابھ بچن


— اسکرین شاٹ
— اسکرین شاٹ

بولی وڈ میگا اسٹار کی شخصیت کو دیکھتے ہوئے یہ حیرت کی بات نہیں کہ ان کے نام سے کوئی چیز منسوب ہو تاہم ان کے حصے میں ایک آبشار اور ایک مندر آیا وہ ضرور حیرت انگیز ہے، امیتابھ کے نام پر مشہور یہ آبشار ریاست سکم کے شمال میں واقع ہے اور اسے 'امیتابھ بچن فالز' کہا جاتا ہے جبکہ کولکتہ کا ایک مندر بھی بگ بی کے نام سے منسوب ہے جس نے امیتابھ بچن کو کافی شرمندہ بھی کیا تھا کیونکہ وہ خود کو اتنا بڑا انسان نہیں سمجھتے۔


ملیکا شیراوت


— بشکریہ انڈین ایکسپریس
— بشکریہ انڈین ایکسپریس

اگر بولی وڈ اداکاروں کے نام پر ڈشز ہوسکتی ہیں تو ملیکا شیراوت کے نام پر ملک شیک منسوب کیا گیا ہے، وہ پہلی بولی وڈ اداکار ہیں جن کے نام پر ایک ہولی وڈ ملک شیک منسوب کیا گیا ہے جسے 'ملیکا شیک' کہا جاتا ہے۔


پریانکا چوپڑا


— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

اگر ملیکا شیراوت کے نام پر ملک شیک ہے تو پریانکا چوپڑا بھی کسی سے پیچھے نہیں جن کے گانے ایگزوٹک کی ریلیز کے بعد ایک 'ملک شیک' کا نام سابقہ ملکۂ حسن کے نام سے منسوب کیا گیا۔


ایشوریہ رائے بچن


— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

دنیا کی خوبصورت ترین خواتین میں سے ایک ایشوریہ رائے بچن عالمی سطح پر بھی بہت مقبول ہیں اور یہی وجہ ہے کہ نیدرلینڈ میں ٹیولپ جیسے 'خوبصورت پھولوں' کی ایک خصوصی قسم کو ان سے منسوب کیا گیا ہے، یہ کہا جاتا ہے کہ اس پھول کو ان کی خوبصورتی کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔


شاہد کپور


— اے ایف پی فوٹو
— اے ایف پی فوٹو

مادھوری ڈکشت کی طرح شاہد کپور کے نام بھی 'ایک ستارہ' منسوب کیا، یہ ستارہ جسے شاہد کا نام دیا گیا ستاروں کے ایک جھرمٹ میں واقع ہے، 2012 کی ایک رپورٹ کے مطابق شاہد کپور کے پرستاروں کے ایک گروپ نے اس ستارے کا نام شاہد پر رکھا اور انہوں نے اسٹار فاﺅنڈیشن کی آفیشل سائٹ پر اس کو رجسٹر بھی کرایا۔


راج کپور


— بشکریہ انڈین ایکسپریس
— بشکریہ انڈین ایکسپریس

بولی وڈ کے شومین کہے جانے والے راج کپور اپنی اداکاری اور ہدایتکاری کی بناء پر بہت زیادہ مقبول تھے اور یہی وجہ ہے کہ کینیڈا کے شہر برمپٹن میں ایک گلی کا نام 'راج کپور کریسینٹ' رکھا گیا۔