پاکستان کا انڈیا سے شدید احتجاج

21 نومبر 2014
۔ — رائٹرز/ فائل فوٹو
۔ — رائٹرز/ فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کے نتیجے میں ایک فوجی کی ہلاکت پر ہندوستان سے شدید احتجاج کیا ہے۔

جمعہ کو جاری ایک بیان میں بتایا گیا کہ انڈین ہائی کمیشن کے ایک اعلیٰ سفارت کار کو محکمہ خارجہ کے جنوبی ایشیاء ڈیسک پر طلب کیا گیا تھا۔

پاکستان نے اس معاملہ پر سنگین خدشات ظاہر کرتے ہوئے واضح کیا کہ ایل او سی کی ایسی خلاف ورزیاں ہرگز برداشت نہیں کی جائیں گی۔

سفارت کار کو یاد دلایا گیا کہ ہندوستان کو جنگ بندی معاہدے کا احترام کرتے ہوئے اپنی فوج کو اس طرح کی خلاف ورزیوں سے روکنا ہو گا۔

پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق انڈین فوجیوں نے جمعرات کو مظفر آباد کے قریب پنڈو سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی تھی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستانی فوجیوں نے بلااشتعال فائرنگ کا مناسب جواب دیا۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا تھا جب وزیر اعظم نواز شریف آزاد جموں کشمیر کے دورے پر مظفر آباد میں موجود تھے۔

یاد رہے کہ تقریباً ایک مہینے کے عرصہ میں ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری کی خلاف ورزیوں میں کم از کم 14 پاکستانی شہری ہلاک جبکہ 50 زخمی ہو چکے ہیں۔

گزشتہ سال دسمبر میں دونوں پڑوسی ملکوں نے 2003 میں طے پانے والے ایل او سی جنگ بندی معاہدے کی پاسداری کا عہد کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں