بلوچستان میں پولیو سے مزید 2 بچے معذور

22 نومبر 2014
پولیو ورکر ایک بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہا ہے—۔فائل فوٹو/ آئی این پی
پولیو ورکر ایک بچے کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہا ہے—۔فائل فوٹو/ آئی این پی

کوئٹہ: بلوچستان میں دو نئے پولیو کیسز کی تصدیق کے ساتھ یہاں پولیو سے متاثرہ افراد کی تعداد مجموعی طور پر 14 ہوگئی ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ کلی ترکھا کی رہائشی اٹھارہ ماہ کی بی بی آمنہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔

جبکہ اس موذی مرض کا دوسرا شکار ڈسٹرکٹ خضدارکے چاندنی چوک کا رہائشی شاہ زمان ہوا۔

محمکہ صحت کے مطابق شاہ زمان کو پولیو کے قطرے پلائے گئے تھے، تاہم وہ پھر بھی اس مرض کا شکار ہوا۔

بلوچستان میں پولیو کے زیادہ تر کیسز کوئٹہ اور ضلع قلعہ عبداللہ میں رپورٹ کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں گزشتہ دو سال کے دوران کوئی پولیو کیس سامنے نہیں آیا تھا تاہم رواں سال جولائی میں قلعہ عبداللہ سے پولیو کیس رپورٹ ہوا تھا۔

اس سلسلے میں 2011 سب سے بدترین سال ثابت ہوا تھا جہاں صوبے بھر سے 73 کیس سامنے آئے تھے۔

محکمہ صحت کے حکام نے والدین کی جانب سے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کو بڑھتے ہوئے پولیو کیسز کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں