لاہور: کینیا کی کرکٹ ٹیم اگلے مہینے پاکستان 'اے' کے خلاف تین ون ڈے میچ کھیلنے پاکستان پہنچ رہی ہے۔

انتہائی باخبر ذرائع نے ڈان کو بتایا کہ کینیا کی ٹیم دسمبر کے دوسرے ہفتہ یہاں آئے گی۔

کینیا کا دورہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی اس مہم کا حصہ ہے جو ملک میں عالمی کرکٹ کی بحالی کیلئے چلائی جا رہی ہے۔

مارچ، 2009 میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کے حملے کے بعد پاکستان کے لاکھوں مداح ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کو ترس گئے ہیں۔

سیکورٹی خدشات کی وجہ سے عالمی ٹیمیں پاکستان آنے سے انکار کر چکی ہیں اور ایسے میں گرین شرٹس اپنی ہوم سیریز غیر ملکی میدانوں پر کھیلنے پر مجبور ہے۔

ڈان کو معلوم ہوا ہے کہ دو ون ڈے میچ لاہور جبکہ ایک فیصل آباد کے اقبال سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

زمبابوے کی ٹیم نے بھی ورلڈ کپ 2015 سے پہلے پاکستان آنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی لیکن پی سی بی نے ٹیسٹ کیس کے طور پر ایک ایسوسی ایٹ ٹیم کو مدعو کرنا بہتر سمجھا۔

سیکورٹی خدشات کی وجہ سے پی سی بی کئی سالوں سے پاکستان 'اے' اور جونئر ٹیموں کیلئے بھی ہوم سیریز کا انعقاد نہیں کر سکی۔

تبصرے (1) بند ہیں

عدنان Nov 23, 2014 04:03pm
کینیا کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کر رہی ہے یا پنجاب کا؟؟ کراچی ، پشاور ، حیدرآباد اور کوئٹہ بھی پاکستان کا حصہ ہیں۔