راحت فتح علی خان نوبل امن انعام کے سالانہ کانسرٹ میں پرفارم کرنے والے پہلے پاکستانی گلوکار بننے جا رہے ہیں۔

پاکستان کے لیجنڈ موسیقار کو 11 دسمبر اوسلو کے سپکٹرم ایرینا میں منعقدہ کانسرٹ میں مدعو کیا گیا ہے۔

رواں سال نوبل کا امن انعام شیئر کرنے والے انڈیا کے کیلاش ستھیارتی اور پاکستان کی ملالہ یوسف زئی کے اعزاز میں ہونے والی اس تقریب کی میزبان کوئن لطیفا ہوں گی۔

یہ کانسرٹ ہر سال نوبل انعام جیتنے والوں کے اعزاز میں منعقد ہوتا ہے اوراس میں دنیا بھر سے باصلاحیت فنکار کلاسک سے لے کر ریپ موسیقی تک اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہیں۔

رواں سال تقریب میں سٹیون ٹیلر، برطانوی گلوکار لارا وولا، ناروے کے گیبریائل وغیرہ کے علاوہ بھی پرفار م کریں گے۔

تقریب میں شرکاء کو محظوظ کرنے کیلئے ایک بولی وڈ نمبر بھی شامل ہو گا۔

مقامی میڈیا کے مطابق، راحت فتح نے بیرون ملک پاکستان کی نمائندگی کو اعزاز قرار دیا ہے۔

'پاکستان نہ صرف ایٹمی قوت ہے ، بلکہ ہمیں اپنی مدھر دھنوں کے ذریعے لوگوں کے دلوں میں جگہ بھی بنانا آتی ہے'۔

تبصرے (0) بند ہیں