داﺅد ابراہیم کا پاک افغان سرحد پر موجود ہونے کا ہندوستانی الزام

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2014
دائود ابراہیم— اے ایف پی فائل فوٹو
دائود ابراہیم— اے ایف پی فائل فوٹو

نئی دہلی : اگلے ہفتے کھٹمنڈو میں شیڈول سارک کانفرنس کے موقع پر دنیا بھر کی جانب سے پاکستانی اور ہندوستانی قیادت کی ملاقات کی توقعات سامنے آرہی ہیں تاہم ہندوستانی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اس سے قبل پاکستان پر سرحد پار دہشت گردی سمیت کئی الزامات عائد کیے ہیں۔

ہندوستانی روزنامے ہندوستان ٹائمز سے بات چیت کرتے ہوئے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا"ہندوستان میں دہشت گردی کو بیرون ملک یعنی پاکستان سے مدد مل رہی ہے"۔

پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ہندوستانی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ان کے ملک کو مطلب انڈرورلڈ ڈان دائود ابراہیم کو پناہ فراہم کررکھی ہے اور راج ناتھ سنگھ کا دعویٰ تھا کہ داﺅد ابراہیم اس وقت پاک افغان سرحد کے قریب مقیم ہے۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگرچہ ہندوستان پاکستان سے خوشگوار تعلقات قائم رکھنا چاہتا ہے مگر لگتا ہے کہ اسلام آباد نئی دہلی سے دوستانہ تعلقات کے قیام کے لیے زیادہ خواہشمند نہیں، تاہم انہوں نے پیشرفت کا عندیہ بھی دیا۔

انہوں نے کہا"ہندوستان میں دہشت گردی مکمل طور پاکستانی اسپانسر ہے، پاکستان کہتا ہے کہ اس میں غیرریاستی عناصر ملوث ہیں، مگر کیا آئی ایس آئی غیرریاستی اداکار ہے؟ یہ ادارہ دہشت گردی کی معاونت کررہا ہے"۔

پاکستان کی مبینہ غلطیوں کی فہرست گنواتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس نے اب تک 2008 کے ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو سزا دلانے کے لیے اقدامات نہیں کیے، کیونکہ اس حوالے سے مقدمہ انتہائی سست روی سے چل رہا ہے"پاکستان عدلاتی کارروائی میں مدد نہیں کررہا"۔

ہندوستانی وزیر نے کہا کہ داﺅد ابراہیم پاکستان میں رہ رہا ہے اور متعدد درخواستوں کے باوجود پڑوسی ملک نے اسے ہندوستان کے حوالے نہیں کیا"جب پاکستانی وزیراعظم ہندوستان آئے تھے تو ہمارے وزیراعظم نے ان سے داﺅد ابراہیم کو حوالے کرنے کی درخواست کی تھی، ہم اس پر پیشرفت جاری رکھے ہیں اور ہم سفارتی دباﺅ قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، داﺅد انتہائی مطلوب ملزم ہے اور اس وقت وہ پاک افغان سرحد کے ساتھ مقیم ہے"۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ہندوستان داﺅد ابراہیم کو پکڑنے کے لیے خود کارروائی کرے گا تو یہ جواب سامنے آیا"ہمیں وقت دیا جائے، حکمت عملی کا اعلان نہیں کیا جاتا، اس حوالے سے کوئی ٹائم فریم بھی نہیں، مگر ہم کوشش کرہے ہیں کہ پاکستان جلد از جلد داﺅد ابراہیم کو ہمارے حوالے کردیے اور اس پر سفارتی دباﺅ بڑھایا جارہا ہے"۔

راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ نئی دہلی ناصرف پاکستان بلکہ تمام پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے"۔

تبصرے (0) بند ہیں