میسی لالیگا کی تاریخ کے کامیاب ترین فٹبالر

اپ ڈیٹ 23 نومبر 2014
سیویلا کے خلاف ہیٹ ٹرک اسکور کرنے پر ساتھی کھلاڑی میسی کو اٹھائے ہوئے ہیں۔ فوٹو رائٹرز
سیویلا کے خلاف ہیٹ ٹرک اسکور کرنے پر ساتھی کھلاڑی میسی کو اٹھائے ہوئے ہیں۔ فوٹو رائٹرز

ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی ایک اور ریکارڈ اپنے نام کرتے ہوئے اسپینش فٹبال لیگ لا لیگا کی تاریخ کے کامیاب ترین فٹبالر بن گئے ہیں۔

میسی نے یہ اعزاز لا لیگا میں سیویلا کے خلاف میچ میں حاصل کیا جس میں ان کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت بارسلونا نے حریف ٹیم کو 5-1 کے واضح مارجن سے شکست دی۔

میسی نے سیویلا کے خلاف میچ میں اپنا پہلا گول اسکور کر کے لیجنڈری فٹبالر تیلمو زارا کا 251 گول کا ریکارڈ برابر کردیا۔

زارا نے یہ ریکارڈ 1955 میں بنایا تھا اور اس وقت سے کوئی بھی کھلاڑی ان کا یہ ریکارڈ نہیں توڑ سکا تھا تاہم میسی نے 59 سال بعد یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

انہوں نے 1940 سے 1955 کے درمیان 271 میچوں میں ریکارڈ بنایا۔

اسٹار اسٹرائیکر نے جب اپنے 289ویں میچ میں دوسرا گول اسکور کیا تو وہ لا لیگا کی تاریخ کے کامیاب ترین فٹبالر بن گئے۔

میسی نے سیویلا کے خلاف ایک اور گول اسکور کر کے میچ میں ہیٹ ٹرک مکمل کرنے کے ساتھ ساتھ گولز کی کل تعداد 291 کر لی۔

میسی نے اپنے فیس بک پیج پر اس اعزاز کو حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے مئی 2005 میں الباسیٹ کے خلاف اسکور کیے گئے پہلے گول کی ویڈیو لگاتے ہوئے لکھا کہ جب میں نے یہ گول کیا تھا تو سوچا بھی نہیں تھا کہ میں کوئی ریکارڈ توڑوں گا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنے ساتھی فٹبالرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔

'میں یہ اعزاز اسی لیے حاصل کرسکا کیونکہ مجھے اپنے دور میں تمام کھلاڑیوں کی جانب سے بہترین معاونت ملتی رہی اور میں یہ اعزاز انہی کے نام کرتا ہوں'۔

تبصرے (0) بند ہیں