جنوبی افریقہ کو شکست دیکر آسٹریلیا عالمی نمبر ایک بن گیا

23 نومبر 2014
جنوبی سے سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلین ٹیم کا گروپ فوٹو۔ تصویر اے پی
جنوبی سے سیریز جیتنے کے بعد آسٹریلین ٹیم کا گروپ فوٹو۔ تصویر اے پی

سڈنی: آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کو پانچویں ون ڈے میں دو وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز چار ایک سے اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی رینکنگ میں بھی پہلا درجہ حاصل کر لیا ۔

سڈنی میں کھیلے پانچویں ون ڈے میں جنوبی افریقہ کے قائم مقام کپتان ہاشم آملا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقہ نے کوئنٹن ڈی کوک کی شاندار سنچری اور فرحان بہارڈین کے کیرئر بیسٹ 63 رنز کی بدولت کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں چھ وکٹوں پر 280 رنز بنائے۔

اوپنر ڈی کوک نے ایک سو سات رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں رلی روسو 51 جبکہ آملا اور وین پارنیل 18، 18 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

جواب میں بارش کی مداخلت کے باعث آسٹریلیا کو اڑتالیس اوورز میں دوسو پچہتر رنز کا ہدف ملا۔

کینگرو اوپنرز نے جارحانہ انداز میں آغاز کرتے ہوئے پانچویں اوور میں 37 رنز کی شراکت قائم کی۔

وارنر کے آؤٹ ہونے کے بعد ایرون فنچ اور شین واٹسن نے دوسری وکٹ کے لیے 100 رنز جوڑے، فن آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جو 72 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔

واٹسن نے نئے آںے والے بلے باز اسٹیون اسمتھ کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 81 رنز کی ساجھے داری قائم کی، واٹسن 82 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد مورنے مورکل کی وکٹ بنے۔

گلین میکس ویل کی ناکامیوں کا سلسلہ جاری رہا اور کچھ ہی دیر بعد وہ سات رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

ایک موقع پر آسٹریلیا نے چار وکٹوں پر 264 رنز بنا لیے تھے اور ایسا محسوس ہوتا تھا کہ وہ باآسانی ہدف حاصل کر لیں گے تاہم ایسا نہ ہوا۔

اس دوران آسٹریلیا محض تین رنز کے اضافے سے چار وکٹیں گنوا بیٹھا اور آسٹریلین کیمپ میں کھلبلی مچ گئی۔

اسمتھ 67، جارج بیلی چار، میتھیو ویڈ تین اور پیٹ کمنز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔

اس تباہی کے ذمے دار روبن پیٹرسن تھے جنہوں نے چار وکٹیں حاصل کیں۔

آسٹریلیا پر شکست کا خطرہ منڈلانے لگا اور آخری اوور میں اسے جیت کے لیے چار رنز درکار تھے۔

کپتان ہاشم آملا نے آخری اوور میں گیند روبن پیٹرسن کو تھمائی لیکن جیمز فالکنر نے پہلی ہی گیند پر چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو میچ میں فتح سے ہمکنار کرادیا۔

اس فتح کے ساتھ ہی آسٹریلیا نے پانچ میچوں کی سیریز 4-1 سے اپنے نام کر لی۔

کوئنٹن ڈی کوک کو ان کی سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کو ون ڈے سیریز میں شکست دینے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بھی پہلی پوزیشن حاصل کرلی۔

آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان ون ڈے سیریز کے آغاز سے قبل ہندوستانی ٹیم آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں پہلی پوزیشن پر تھی تاہم کینگروز نے پروٹینز کو 4-1 سے ہراکر ان سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

آسٹریلیا نے صرف 0.2 پوائنٹس کے فرق سے رینکنگ میں نمبرون پوزیشن حاصل کی جس کے بعد ہندوستانی ٹیم دوسری پوزیشن پر آگئی ہے۔

جنوبی افریقا کی ٹیم ایک درجے تنزلی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئی ہے جبکہ سری لنکا چوتھے، انگلینڈ پانچویں، پاکستان چھٹے، نیوزی لینڈ ساتویں اور ویسٹ انڈیز آٹھویں نمبر پر موجود ہے ۔

تبصرے (0) بند ہیں