حکمران حقوق نہیں دیں گے،قوم چھین لے،عمران خان

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ۔ ۔ ۔ فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک پیج
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان ۔ ۔ ۔ فوٹو: پی ٹی آئی فیس بک پیج

گوجرانوالہ: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے، قوم اپنے حقوق چھین لے کیونکہ حکمران حقوق نہیں دیں گے۔

گوجرنوالہ میں جلسے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ عوام میں سیاسی شعور آ گیا ہے اب قوم جاگ چکی ہے، قوم کے جاگنے پر اللہ کا شکر ادا کرتا ہوں۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اب عوام عمران خان سے بھی کہہ سکتے ہیں کہ اگر وعدے پورے نہ کیے تو احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 30 نومبر سے پہلے گوجرانوالہ میں تحریک انصاف آخری جلسہ کر رہی ہے

نواز شریف اور چوہدری نثار کو مخاطب کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کہا کہ میرا صبر ختم ہو گیا، اب مقابلہ کروں گا، جب مجھے کہیں سے انصاف نہیں ملا تو اپنے حق کے لیے کھڑا ہوا، 30 نومبر کو قوم کو حقوق کے لیے کھڑا ہونا ہے۔

انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے عمران خان نے کہا کہ ڈیڑھ سال ہوگیا، انصاف نہیں ملا، انصاف فراہم کرنے والے ادارے بتائیں، اگر2 سال بعد ثابت ہو گیا کہ حکومت دھاندلی سے بنی ہے تو ذمہ دار انصاف فرام کرنے والے ادارے ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صاف اور شفاف الیکشن جمہوریت کے لئے بڑا ہتھیار ہے ، دھاندلی سے بننے والی حکومت کو عوام کی فکر نہیں ہوتی، جمہوریت جتنی بہتر ہو گی، اتنی خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت میں عوام حکمرانوں کااحتساب کرسکتی ہے، حقیقی جمہوریت میں سمدھی، بھائی، بیٹا اور رشتے دار وزارتیں نہیں لے سکتے کیونکہ جمہوریت میں میرٹ کا نظام ہوتا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ن لیگ اورپیپلزپارٹی کی پارٹنرشپ کی وجہ سےقوم غریب ہوتی گئی۔

انہوں نے کہا کہ اب رائٹ اور لیفٹ کی سیاست نہیں، رائٹ اور رانگ کی سیاست ہے، ایک طرف کرپٹ نظام کی پیداوار ہیں اور دوسری طرف مظلوم طبقہ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں