شارجہ ٹیسٹ کا پہلا دن حفیظ کے نام

اپ ڈیٹ 26 نومبر 2014
محمد حفیظ نے صرف 130 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ فوٹو اے ایف پی
محمد حفیظ نے صرف 130 گیندوں پر سنچری مکمل کی۔ فوٹو اے ایف پی
اوپنر شان مسعود کے باؤلڈ ہونے کا منظر۔ فوٹو اے ایف پی
اوپنر شان مسعود کے باؤلڈ ہونے کا منظر۔ فوٹو اے ایف پی

شارجہ: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان شارجہ میں کھیلے جا رہے تیسرے اور آخری ٹیسٹ کا پہلا دن اوپنر محمد حفیظ کے نام رہا جن کی شاندار سنچری کی بدولت پاکستان نے تین وکٹ پر 281 رنز بنا لیے۔

پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جہاں پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں۔

پاکستان نے اوپنر توفیق عمر کی جگہ محمد حفیظ اور احسان عادل کی جگہ محمد طلحہ کو شامل کیا۔

پاکستانی اوپنرز نے محتاط انداز میں بیٹنگ شروع کی کی اور دن کے ابتدائی اوورز میں کیوی باؤلرز کو وکٹ لینے سے باز رکھا۔

تاہم 44 کے مجموعی اسکور پر شان مسعود 12 رنز بنا کر مارک کریگ کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

اس کے بعد اظہر علی نے حفیظ کو کریز پر جوائن کیا اور کھانے کے وقفے تک مزید کوئی اور وکٹ نہ گرنے دی۔

کھانے کے وقفے کے بعد بھی دونوں کھلاڑیوں نے رنز بنانے کا سسلہ جاری رکھا تاہم اس دوران اظہر ایک غلط شاٹ کھیلتے ہوئے 39 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود حفیظ نے تیز رفتاری سےبیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور لگاتاردوسری سنچری مکمل کر لی۔

تاہم ابھی پاکستان نے حفیظ کی سنچری کا جشن منانا ختم بھی نہ کیا تھا کہ شاندار فارم کے حامل یونس خان ڈینئل ویٹوری کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے۔

اس کے بعد حفیظ کا ساتھ دینے کپتان مصباح الحق پہنچے اور اسکور آگے بڑھانا شروع کیا۔

دونوں کھلاڑیوں نے کیوی باؤلرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور دن کے اختتام تک مزید کوئی اوروکٹ نہ گرنے دی۔

اس دوران محمد حفیظ کی بیٹنگ دیکھنے سے تعلق رکھتی تھی جنہوں نے کسی قسم کا دباؤ نہ لیتے ہوئے تیز رفتاری سے رنز اسکور کیے۔

جب چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو پاکستان نے تین وکٹ پر 281 رنز بنائے تھے۔

محمد حفیظ نے 21 چوکوں اور تین فلک بوس چھکوں کی مدد سے 178 رنز بنائے تھے جبکہ مصباح 38 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان نے ابو ظہبی میں ہونے والا پہلا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی جبکہ سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوا تھا۔

واضح رہے کہ اس ٹیسٹ میں شکست پاکستان سے آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں تیسری پوزیشن چھین جائے گی لہٰذا آئی سی سی رنکنگ میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کو میچ جیتنا یا ڈرا کرنا لازمی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Nov 26, 2014 10:38pm
اس ٹسٹ کا چوتھے دن فیصلہ ھوجائیگا پاکستان جیت جائیگا