میسی نے چیمپئنز لیگ میں نئی تاریخ رقم کردی

26 نومبر 2014
لیونل میسی۔ — اے ایف پی
لیونل میسی۔ — اے ایف پی

اسپین کے مشہور کلب بارسلونا کے لیونل میسی نے اپنے کیرئیر کے 72 ویں گول کے ذریعے چیمپیئنز لیگ میں سب سے زیادہ سکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

منگل کی رات قبرص کے فٹبال کلب ایپوئل کے خلاف گروپ 'ایف' کے ایک میچ میں میسی نے ریکارڈ بنانے کے ساتھ ساتھ ہیٹ ٹرک بھی بنائی۔

بارسلونا سٹار نے میچ کے 38ویں منٹ میں میچ کا پہلا گول سکور کرتے ہوئے ریال میڈرڈ کے لیجنڈ راؤل کا ریکارڈ توڑا۔

انہوں نے بعد میں 73 اور 74 ویں منٹ میں یکے بعد دیگرے دو مزید گول داغے۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ 27 سالہ میسی کو یہ ریکارڈ توڑنے کیلئے صرف 90 میچ کھیلنا پڑے جبکہ ان سے پہلے راؤل نے 1995 سے 2011 کے درمیان شالکے اور میڈرڈ کی جانب چیمپئنز لیگ کے 142 مقابلوں میں ریکارڈ قائم کیا تھا۔

29 سالہ کرسٹیانو رینالڈو بھی یہ ریکارڈ بنانے کی دوڑ میں شامل ہیں۔ میڈرڈ سٹار نے اب تک 106 میچوں میں 70 گول سکور کر رکھے ہیں۔

پرتگال کے فارورڈ بدھ کی رات باسل کے خلاف میچ میں میسی کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ میسی نے صرف ایک ہفتہ کے دوران دوسری مرتبہ گول سکور کرنے کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔

انہوں نے ہفتہ کو سیولا کے خلاف میچ کے دوران ہیٹ ٹرک کے ذریعے سپینش لا لیگا میں ٹیلمو ذارا کا 251 گولز کا بھی ریکارڈ بنایا تھا۔

بایرن میونخ کے کوچ پیپ گرڈیولا کا کہنا ہے کہ میسی لا لیگا کے 253 گولز کا ریکارڈ توڑ دیں گے اور ان کا یہ ریکارڈ اگلے 60 نہیں بلکہ 600 سالوں تک قائم رہے گا۔

ان سب کامیابوں کے باوجود، بارسلونا میں میسی کے مزید قیام کے حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں۔

سپین میں مسلسل ٹیکس حکام کی توجہ بنے رہنے والے میسی نے اشارہ دیا ہے کہ وہ سیزن کے اختتام پر اپنے آپشنز پر غور کر سکتے ہیں۔

میڈیا میں خبریں ہیں کہ میسی ٹیکس حکام کی وجہ سے پریشان ہیں۔

بارسلونا کے سابق فارورڈ جوہان کرفی کا ماننا ہے کہ کلب کے داخلی مسائل کی وجہ سے میسی ناخوش دکھائی دیتے ہیں۔

بشکریہ ای ایس پی این ایف سی

تبصرے (0) بند ہیں