تحریک انصاف کے جلسے میں شرکت پر ایم کیو ایم کی معذرت

27 نومبر 2014
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما بابر غوری—اے پی پی فائل فوٹو۔
متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما بابر غوری—اے پی پی فائل فوٹو۔

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 30 نومبر کے جلسے میں شامل ہونے سے معذرت کرلی۔

ذرائع کے مطابق جلسے میں شامل ہونے کی دعوت عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) کے صدر شیخ رشید احمد نے ایم کیو ایم کی ایک ٹیم کو ایک ہوٹل میں ملاقات کے دوران دی تھی جس کی قیادت سینیٹر بابر خان غوری کررہے تھے۔

متحدہ کے رہنماؤں نے شیخ رشید کو بتایا کہ پارٹی ابھی کسی جسلے کا حصہ نہیں بن سکتی اور رابطہ کمیٹی مستقبل کا لائحہ عمل مرتب کرے گی۔

ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ان کے الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے ساتھ پرانے تعلقات ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ متحدہ موجودہ سیاسی صورت حال میں کردار ادا کرتے ہوئے 30 نومبر کے جلسے میں شرکت کرے۔

ایک سوال کے جواب میں ایم ایم ایل چیف کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے درمیان کسی قسم کے اتحاد کے بارے میں ابھی کچھ کہنا مشکل ہوگا۔

بابر غوری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم ایک جمہوری پارٹی ہے اور اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جاسکتے ہیں تاہم مظاہرے کرنا ہر جماعت کا حق ہوتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمیشن کی تقرری کے حوالے سے تمام پارلیمانی پارٹیوں کو اعتماد میں لینا چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں