آسٹریلوی اوپنر فلپ ہیوز زندگی کی بازی ہار گئے

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2014
آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز—فائل فوٹو/ رائٹرز۔
آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز—فائل فوٹو/ رائٹرز۔

سڈنی: رواں ہفتے منگل کو سر پر گیند لگنے سے شدید زخمی ہونے والے آسٹریلوی بیٹسمین فل ہیوز اسپتال میں علاج کے دوران چل بسے ہیں۔

کرکٹ آسٹریلیا نے بھی 25 سالہ بیٹسمین فلپ ہیوز کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے ان کی موت کو دنیائے کرکٹ کے لیے ایک صدمہ قرار دیا ہے۔

ٹیم ڈاکٹر برکنر نے ہیوز کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'مجھے یہ بتاتے ہوئے افسوس ہورہا ہے کہ فلپ ہیوز انتقال کر گئے ہیں'۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا میں شیفلڈ شیلڈ کے ڈومیسٹک میچ کے دوران ساؤتھ ویلز کے باؤلر شین ایبٹ کی باؤنسر بیٹسمین فلپ ہیوز کے سر پر جالگی۔

چوٹ اس قدر شدید تھی کہ ہیوز اپنے حواس قائم نہ رکھ سکے اور بے ہوش ہوکر منہ کے بل زمین پر آگرے۔

چالیس منٹ تک گراؤنڈ ہی میں طبی امداد دینے کے بعد ہیوز کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ہنگامی بنیادوں پر ان کی سرجری کی گئی۔

سرجری کے باوجود ہیوز کی حالت خراب تھی، وہ کوما میں تھے اورانہیں مصنوعی تنفس فراہم کیا جارہا تھا۔

ڈاکٹرز کا کہنا تھا کہ ہیوز کی زندگی کے لیے اگلے 48 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔

اورآج فل ہیوز سڈنی کے ہسپتال میں علاج کے دوران زندگی کی جنگ ہار گئے ہیں۔

اس حوالے سے بھی کچھ رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ باؤنسر لگنے سے زخمی ہونے والے آسٹریلوی بلے باز فلپ ہیوز ہیلمٹ کا جدید ترین ماڈل نہیں پہنے ہوئے تھے۔


مزید پڑھیں: ’ہیوز جدید ترین ہیلمٹ نہیں پہنے ہوئے تھے‘


ہیوز نے اپنا پہلا فرسٹ کلاس ڈیبیو اٹھارہ سال کی عمر میں نومبر 2007 میں نیو ساؤتھ ویلز کی طرف سے کھیلتے ہوئے کیا تھا، جس کے بعد وہ جنوبی آسٹریلیا آگئے تھے۔

لیفٹ ہینڈ بیٹسمین نے اپنا پہلا ٹیسٹ ڈیبیو فروری 2009 میں 20 سال کی عمر میں کیا۔

ہیوز نے 26 ٹیسٹ میں 1,535 رنز بنائے، جن میں 3 سنچریاں اور 7 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔

آسٹریلیا کے وزیراعظم ٹونی ایبٹ نے فلپ ہیوز کی وفات پرتعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ 'ان کی موت نہ صرف دنیائے کرکٹ کے لیے ایک افسوس ناک دن ہے بلکہ ان کے خاندان کے لیے بھی ایک بہت بڑا صدمہ ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Afaq Nov 27, 2014 10:53am
SAD News for Australian Cricket, his family, friends and followers