کابل: برطانوی سفارتخانے کی گاڑی پر حملہ، پانچ افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 27 نومبر 2014
خود کش حملے سے تباہ ہونے والی برطانوی سفارتکانے کی گاڑی۔ فوٹو اے پی
خود کش حملے سے تباہ ہونے والی برطانوی سفارتکانے کی گاڑی۔ فوٹو اے پی

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں برطانوی سفارتخانے کی گاڑی پر خودکش حملے میں ایک برطانوی شہری سمیت پانچ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

برطناوی سفارتخانے نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملے سے گاڑی میں موجود کچھ افراد بھی زخمی ہوئے تاہم مزید تفصیلات بتانے سے انکار کردیا۔

تاہم دوسری جانب کابل ہسپتال کے انتظامی سربراہ کبیر امیر نے کہا کہ حملے میں کم از کم پانچ افغان شہری ہلاک اور 34 زخمی ہو گئے۔

افغان پبلک ہیلتھ منسٹری کے ترجمان کنشکا بیکتاش ترکستانی نے بتایا کہ زخمیوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔

دھماکا شہر کے مشرقی علاقے میں ہوا لیکن اس سے پورا کابل لرز اٹھا اور جائے وقوعہ پر دھویں اور گرد کے بادل چھا گئے۔

نائب وزیر داخلہ جنرل محمد ایوب سالنگی نے کہا کہ غیر ملکی گاڑیوں موٹر سوار خودکش بمبار نے نشانہ بنایا۔

اس سے قبل مقامی پولیس افسر نے بتایا تھا کہ حملہ آور دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی میں آیا۔

طالبان نے اپنے مختصر بیان میں حملے میں ذمے داری قبول کر لی ہے۔

جس علاقے میں دھماکا ہوا وہاں متعدد غیر ملکیوں کی رہائش گاہوں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی افواج کی تنصیبات بھی بڑی تعداد میں موجود ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں