30 نومبر کو ریاست پر یلغار ہوئی تو قانون حرکت میں آئیگا، نثار

27 نومبر 2014
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان۔ فائل فوٹو اے پی پی
وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان۔ فائل فوٹو اے پی پی

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کو اسلام آباد میں پرامن، سیاسی اور جمہوری انداز میں جلسے کی اجازت ہو گی لیکن اگر 30 نومبر کو ریاست پر یلغار کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔

وہ جمعرات کو اسلام آباد میں اے ایس پی افسروں کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات کر رہے تھے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو پُر امن جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پولیس کو دوسرے شہروں سے مظاہرین پر تشدد کیلئے نہیں بلکہ سرکاری اداروں کے تحفظ کیلئے بلایا گیا ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری نثار علی خان نے مزید کہا کہ 30 نومبر کو اگر سیاسی جلسہ ہوا تو ٹھیک لیکن اگر ریاستی اداروں پر یلغار کی کوشش کی گئی تو ایف سی، رینجرز اور پولیس پوری طرح ایکشن کیلئے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سیاسی اور جمہوری انداز میں جلسے کے ساتھ ساتھ احتجاج کے بھی حق میں ہے اور حکومت کسی حوالے سے بھی اس میں رکاوٹ نہیں ڈالے گی۔

لیکن وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ اگر 30 نومبر کو پروگرام کسی یلغار یا حملے کا ہے، سرکاری عمارتوں میں توڑ پھوڑ اور قبضے کا ہے تو پھر قانون حرکت میں آئے گا۔

انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادروں کو مظاہرین پر کسی قسم کا تشدد نہ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ واٹر کینن کے استعمال کا طریقہ کار بھی وضع کرلیا گیا ہے۔

ایک سوال پر وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف فوجی کارروائی شروع کرنے کے بعد دہشتگردی کے حملوں میں کمی ہوئی ہے۔

اس سے پہلے پاسنگ آئوٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پولیس کا دہشتگردی سمیت ملک کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے میں اہم کردار ہے۔

نیشنل پولیس اکیڈمی اسلام آباد میں دو خواتین افسران سمیت بیس پولیس افسران کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا کہ نئے افسران روایتی انداز کو ترک کرکے عوام کے محافظ اور منصف بنیں۔

بعد ازاں وزیر داخلہ نے پولیس لائن ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا اور دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے جدید بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑیاں اور جدید آلات وفاقی اور صوبائی حکام کے حوالے کیے۔

پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں تقریب کے اختتام پر پولیس نے میڈیا کو کراچی سے منگوائے گئے واٹر کینن کی دوگاڑیوں سے پانی پھینک کر مظاہرین کو منتشرکرنے کا بھی مظاہرہ کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Nov 27, 2014 10:35pm
چودھری نثار صاحب آپکے پاس قانون ھے نہ ریاست پچھلے دفعہ بھی اپ نے بہت دعوے کئے تھے لیکن عملی طور پر کچھ بھی نہیں ھوا ان لوگوں نے ٹی وی پارلمان. پر قبضہ کرلیا تھا اس دفعہ بھی وہی کچھ ھوگا جو عمران چاہتا ھے