ایبولا سے بچاؤ کی ویکسین تیار

28 نومبر 2014
ایبولا وائرس کی تصویر—اے پی فائل فوٹو۔
ایبولا وائرس کی تصویر—اے پی فائل فوٹو۔

واشنگٹن:وائٹ ہاؤس کے مطابق امریکی سائنسدانوں نے انسان پر ایبولا ویکسین کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری جوش ارنسٹ کا کہنا تھا کہ ٹرائل کے دوران ’ایبولا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہوئی ہے۔‘

ویکسین کو واشنگٹن کے قریب واقع نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے سائنسدانوں کی ایک ٹیم نے تیار کیا ہے جس کی سربراہی ڈاکٹر فرانسز کولنس اور ڈاکٹر اینتھونی فوکی کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ٹرائل کے دوران 20 صحت مند افراد کو ویکسین دی گئی جن کے ایمیون سسٹم نے وائرس کے خلاف ردعمل ظاہر کیا اور ایبولا مخالف اینٹی باڈیز بنائیں۔

دو افراد کو ٹرائل کے دوران مختصر وقت کے لیے بخار ہوا تاہم کسی میں بھی سنجیدہ نوعیت کے مضر اثرات رونما نہیں ہوئے۔

ایبولا کے باعث مغربی افریقہ میں پانچ ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جس نے ٹیم کو اس تجربے کو تیز کرنے پر قائل کیا۔

ڈاکٹر فوکی کے مطابق اس کامیابی کو مدنظر رکھتے ہوئے بڑے پیمانے پر ٹرائلز کروائے جائیں گے۔

یہ ٹرائل 18 سے 50 سال کے درمیان کے افراد کے دو گروپوں پر کیا گیا تھا جن میں سے آدھوں نے پٹھوں میں لگنے والے انجیکشن کی کم ڈوز لی تھی جبکہ دس کو زیادہ مقدار دی گئی تاہم دونوں ہی گروپوں کے نتائج مثبت آئے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں