پاکستان نے 36 ہندوستانی قیدی رہا کردیئے

اپ ڈیٹ 28 نومبر 2014
کراچی کی ملیر ڈسٹرکٹ جیل سے رہائی پانے والے ہندوستانی قیدی بس میں سوار ہونے کے لیے جا رہے ہیں—۔فائل فوٹو/ اے پی
کراچی کی ملیر ڈسٹرکٹ جیل سے رہائی پانے والے ہندوستانی قیدی بس میں سوار ہونے کے لیے جا رہے ہیں—۔فائل فوٹو/ اے پی

کراچی: ملیر ڈسٹرکٹ جیل کراچی سے جذبہ خیرسگالی کے تحت 36 ہندوستانی قیدیوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق رہا کیے جانے والے قیدیوں میں 35 ماہی گیر جبکہ ایک سویلین قیدی شامل ہے۔

ہندوستانی ماہی گیروں کو سمندری حدود کی خلاف ورزی پر دس ماہ پہلے گرفتار کیا گیا تھا جس پر عدالتوں سے انہیں سزائیں ہوئیں۔

ایدھی ٹرسٹ کی جانب سے رہائی پانے والوں میں کپڑے اور ضروری اشیاء تقسیم کی گئیں جبکہ عبدالستار ایدھی کے نواسے احمد ایدھی نے فی کس دس دس ہزار روپے بھی دئیے۔

رہا ہونیوالے ہندوستانی ماہی گیروں کو ایدھی کی گاڑیوں میں لاہورروانہ کیا جا رہا ہے جہاں انہیں کل واہگہ بارڈر پر انڈین حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

چھتیس قیدیوں کی رہائی کے بعد اس سال رہا ہونے والے ہندوستانی ماہی گیروں کی تعداد ایک سو نواسی ہو جائے گی۔

رہائی پانے والوں میں پانچ کم عمر اورایک مسلمان شامل ہے۔

رہا کیے گئے ہندوستانی ماہی گیر—۔ڈان نیوز اسکرین گریب
رہا کیے گئے ہندوستانی ماہی گیر—۔ڈان نیوز اسکرین گریب

قیدیوں کا اس موقع پر کہنا تھا کہ وہ رہائی پانے کے بعد بہت خوش ہیں اور اپنے پیاروں سے جلد از جلد ملنے کے لیے بے تاب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دورانِ قید پاکستان میں ان کے ساتھ اچھا سلوک کیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انڈیا اکثر وبیشتر ایک دوسرے کے ماہی گیروں کو بحیرۂ عرب میں سمندری حدود کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کرتے رہتے ہیں۔

کراچی کی ملیر ڈسٹرکٹ جیل میں اس وقت 419 ہندوستانی ماہی گیر قید ہیں۔

جبکہ فشر مین کو آپریٹو سوسائٹی کے مطابق تقریباً 400 پاکستانی ماہی گیر بھی اس وقت ہندوستانی جیلوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔

ان گرفتاریوں کی وجوہات میں ماہی گیروں کے پاس بحیرۂ عرب میں سمت کے تعین کے حوالے سے جدید ٹینکنالوجی کی حامل کشتیوں کا نہ ہونا بھی شامل ہے۔

جبکہ پاکستان اور ہندوستان کے کشیدہ سفارتی تعلقات اور ماہی گیروں کی رہائی کے لیے مناسب انتظامات نہ ہونے کے باعث یہ قیدی اپنی سزا کی مدت پوری ہونے کے باوجود بھی دونوں اطراف کی جیلوں میں عرصے تک قید رہتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں