ابو ظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا چوتھا میچ آج ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا جہاں پاکستان میچ جیت کر سیریز جیتنے کے لیے پرعزم ہے۔

پاکستان نے سیریاز کے پہلے اور تیسرے می میں کامیابی حاصل کی تھی جبکہ شارجہ میں کھیلا گیا دوسرا میچ کیویز کے نام رہا تھا۔

خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق قائم کپتان شاہد آفریدی پرامید ہیں کہ ٹیم جیت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے سیریز اپنے نام کر لے گی۔

مصباح الحق کے ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے باعث آفریدی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

آفریدی نے کہا کہ ٹیم یہاں گزشتہ تین ماہ سے کھیل رہی ہے، ہم نے یہاں اچھی کرکٹ کھیلی اور ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز برابر ہونے کے بعد ہم یہ میچ جیت دورے کا کامیاب اختتام کرنے کے خواہش مند ہیں۔

پاکستان نے متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ سے ہوم سیریز کا آغاز کیا جہاں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کی خفت جھیلنا پڑی۔

آسٹریلیا کو دونوں ٹیسٹ میچوں میں شکست دے کر پاکستان نے وائٹ واش کیا تو نیوزی لینڈ کے خلاف بھی پہلا میچ جیت کر سیریز میں برتری حاصل کی۔

کیویز سے دوسرا ٹیسٹ ڈرا اور تیسرا ٹیسٹ ہارنے کے بعد پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی سیریز بھی ڈرا کی۔

پاکستانی باؤلنگ ان دنوں انجری اور مشکوک باؤلنگ ایکشن کی پابندیوں کے باعث بحران کا شکار ہے جہاں آف اسپنرز سعید اجمل اور محمد حفیظ ایکشن مشکوک قرار دیے جانے کے باعث باؤلنگ کرانے سے محروم ہیں تو دوسری جانب جنید خان کے بعد عمر گل اور بلاول بھٹی بھی انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔

آفریدی نے نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں جیت کا کریڈٹ ٹیم مینجمنٹ کو دیا۔

26 گیندوں پر 25 رنز بٹورنے اور تین وکٹیں لینے والے آل راؤنڈر نے کہا کہ میں نے کوئی معجزہ نہیں کیا۔

’جیت کا سہرا ٹیم مینجمنٹ کے سر جاتا ہے جنہوں نے ڈریسنگ روم میں اچھا ماحول بنائے رکھا، ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے مکمل اعتماد دیے جانے کے باعث پاکستان کھلاڑیوں ناکامی کا کوئی خوف نہیں۔

آفریدی نے کہا کہ مصباح ابھی بھی ہمارے قائد ہیں اور ورلڈ کپ تک کپتان رہیں گے، ٹیم مینجمنٹ نے اسے لیے انہیں ساتھ رکھا ہے تاکہ وہ ہر کھلاڑی کی کارکردگی کا جائزہ لے سکیں۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے جہاں وہاب ریاض کی جگہ انور علی کو کھلائے جانے کا امکان ہے جبکہ محمد حفیظ کے چنئی روانہ ہونے کے باعث ان کی جگہ بھی کسی نئے کھلاڑی کو موقع دیا جائے گا۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے اوپنر مارٹن گپٹل نے کہا کہ ہماری ٹیم میچ جیت کر سیریز میں واپسی کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے کاہ کہ ہم جذبے سے سرشار ہیں اور یہ میچ جیتنے کے بعد سیریز بھی 3-2 سے اپنے نام کرسکتے ہیں۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پانچواں اور آخری میچ جمعہ کو ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں