ابو ظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان بدھ کو کھیلے جا رہے ون ڈے میچ کی آمدنی پشاور میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

منگل کو پشاور کے آرمی پبلک اسکول پر دہشت گردوں کے بدترین حملے میں 131 بچوں سمیت 141 افراد ہلاک جبکہ 133 زخمی ہو گئے تھے۔

اس سفاکانہ واقعہ پر پاکستان میں تین روزہ سوگ منایا جا رہا ہے جبکہ عالمی رہنماؤں نے بھی پاکستانی عوام سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ان دنوں پانچ ون ڈے میچوں کی ہوم سیریز کھیلی جا رہی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ سانحہ پشاور کے باوجود آج شیڈول کے مطابق میچ کھیلا جائے گا۔

میچ کےآغاز پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی اور دنوں ٹیموں کےکھلاڑی بازوں پرسیاہ پٹی باندھ کر کھیلیں گے۔

دوسری جانب، دنیا بھر سے کھلاڑیوں اورکرکٹ مداح بھی بچوں کی ہلاکتوں پر غم زدہ نظر آ رہے ہیں۔

سابق انگلش بلے بازکیون پیٹرسن نے حادثے کو المناک قراردیا۔ انہوں نے اپنے ٹوئیٹ میں واقعہ کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے غمزدہ خاندان سے ہمدردی کا اظہارکیا۔

پاکستان ون ڈے کرکٹ ٹیم کے قائم مقام کپتان شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئیٹ میں لکھا کہ وہ یہ خبرسن کر سکتے میں آ گئے اور ان کے پاس اظہارمذمت کے لیےالفاظ نہیں۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کا دل اورجذبات غم زدہ خاندانوں کےساتھ ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں