پی سی بی میچ ملتوی کرنے کی ناکام کوشش کرتی رہی

18 دسمبر 2014
ابو ظہبی: پاکستانی کھلاڑی سانحہ پشاور پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ — اے ایف پی
ابو ظہبی: پاکستانی کھلاڑی سانحہ پشاور پر دو منٹ کی خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں۔ — اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد یو اے ای میں چوتھا ون ڈے میچ ایک دن کے لئے ملتوی کرنے کی بھرپور کوششیں کی گئیں لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ، براڈ کاسٹرز اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم متفق نہ ہوئی۔

پی سی بی سربراہ شہریار خان نے ڈان کو بتایا کہ بورڈ نے میچ ملتوی کرنے کیلئے بدھ کی صبح تینوں اسٹیک ہولڈرز سے مذاکرات کیے لیکن ان کے خیالات مختلف تھے۔

پی سی بی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 'ہم چوتھا ون ڈے جمعرات اور آخری میچ شیڈول کے مطابق جمعہ کو کھیلنا چاہتے تھے لیکن نیوزی لینڈ ٹیم دو دن مسلسل میچ کھیلنے کو تیار نہیں تھی'۔

شہریار کے مطابق نیوزی لینڈ نے بتایا کہ اس طرح ان کا پورا شیڈول متاثر ہو گا۔ آئی سی سی اور براڈ کاسٹرز کا بھی یہی موقف تھا۔

انہوں نے بتایا کہ بورڈ مسلسل آئی سی سی سے رابطہ میں تھا لیکن وہ چاہتے تھے کہ شیڈول پر عمل کیا جائے ورنہ بہت کچھ اچانک ردوبدل کرنا پڑے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پی سی بی نے پاکستان 'اے' اور کینیا کے درمیان جمعرات کو کھیلا جا رہا چوتھا میچ ملتوی کر دیا تھا اور اب یہ مقابلہ جمعہ کو ہو گا۔

شہریار نے بتایا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلنے کو تیار تھیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ سانحہ پشاور کے باوجود اپنی پوری صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے میچ جیتنے کی کوشش کریں۔

خیال رہے کہ حال ہی میں کھلاڑی فل ہیوز کی حادثاتی موت کے بعد آسٹریلیا اور انڈیا نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ منسوخ کر دیا تھا۔

اسی واقعہ کی بنیاد پر نیوزی لینڈ نے پاکستان سے جاری ٹیسٹ میچ ایک دن کیلئے ملتوی کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی جسے پی سی بی نے رد نہیں کیا، حالانکہ پاکستان بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر میچ کھیلنے پر مصر تھا۔

تبصرے (1) بند ہیں

کاشف قریشی Dec 18, 2014 08:57am
سب منافق لوگ ہیں اس دنیا میں. ICC سب سے بڑا منافق ادارہ ہے . افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم اس قومی سا نہے پر بھی دنیا سے اپنی چھوٹی سے بات نہیں منوا سکتے . ڈوب مرنے کا مقام ہے ہمارے حکمرانوں کے لئے.