پنجاب،پختونخوا: شاہراہوں پرشدیددھند، حادثات میں 8افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2014
موٹر وے ایم ون، ٹو اور تھری مختلف مقامات پر بند ۔ ۔ ۔ فائل فوٹو
موٹر وے ایم ون، ٹو اور تھری مختلف مقامات پر بند ۔ ۔ ۔ فائل فوٹو
فائل فوٹو : آن لائن
فائل فوٹو : آن لائن

پشاور، لاہور: پنجاب اور خیبر پختونخوا کے کئی شہروں کو شدید دھند نے لپیٹ میں لے رکھا ہے، شاہراہوں کو مختلف مقامات پر حد نگاہ صفر ہونے کے باعث بند کر دیا گیا جبکہ حادثات میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی دھند میں بھی اضافہ ہو گیا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں حد نگاہ صفر تک پہنچ جاتی ہے۔

لاہور میں صبح کے اوقات میں موٹروے راوی ٹول پلازہ حد نگاہ صفر رہی جبکہ ائرپورٹ پر حد نگاہ پانچ سو میٹر ہونے کے باعث فلائٹس کی آمد ممکن نہیں ہوسکی۔

حکام کے مطابق موٹر وے ایم 1پر حد نگاہ صفر ہے جبکہ موٹر وے ایم 3 کو بھی ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا، ایم 2 بھی متعدد مقامات پر بند ہے

موٹر وے حکام نے ڈرائیوروں کو فوگ لائٹس استعمال کرنے اور محتاط ڈرائیونگ کی ہدایت کی ہے۔

خیبر پختونخوا میں لکی مروت میں ٹرک اور مسافر کوچ میں تصادم میں 4 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔

لکی مروت میں مین نیشنل ہائی وے پر غزنی خیل کے علاقے میں مسافر کوچ اور ٹرالر میں تصادم کے ہوا جس کے نتیجے میں ہلاکتیں ہوئیں۔

مقامی افراد نے زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کیا ، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پنجاب میں منڈی بہاؤ الدین میں ٹرک اور ویگن میں تصادم کے باعث 4 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔

محکمہ موسمیات نے اتوار تک دھند کی شدت میں کمی کا امکان ظاہر کیا ہے۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں