یونس نے اپنی صلاحیت ثابت کر دی، وقار

اپ ڈیٹ 18 دسمبر 2014
ہیڈ کوچ وقار یونس— اے ایف پی فائل فوٹو
ہیڈ کوچ وقار یونس— اے ایف پی فائل فوٹو

ابوظبہی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ جمعے کو ابوظبہی میں نیوزی لینڈ کے لیے پانچویں اور آخری ون ڈے میں کامیابی سے ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم کا مورال بلند ہوگا۔

کیویز نے گزشتہ روز ہونے والے میچ میں گرین شرٹس کو سات رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز دو، دو سے برابر کردی تھی جس کے بعد اب سیریز کا فیصلہ آخری ون ڈے میں ہوگا۔

اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ اور دو ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز ایک، ایک سے برابر رہی تھی۔

وقار یونس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس سیریز کے اختتام پر پاکستان کو آئندہ سال فروری مارچ میں شیڈول ورلڈکپ سے قبل یہ اندازہ ہوسکے گا کہ وہ کس پوزیشن پر کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آخری ون ڈے جیتنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے ہمیں یہ اندازہ کرنے میں مدد ملے گی کہ ورلڈکپ کے لیے حتمی پندرہ رکنی اسکواڈ میں کس کو لیا جانا چاہئے۔

وقار یونس نے چوتھے ون ڈے میں یونس خان اور شاہد آفریدی کی بیٹنگ کو سراہا اور کہا کہ یونس کی فارم بہت اہمیت رکھتی ہے، اس نے اپنی حقیقی صلاحیت ہمارے سامنے ثابت کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ شاہد آفریدی نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور اپنی فائٹنگ صلاحیتوں کا اظہار کیا۔

تاہم کوچ نے قومی ٹیم کی فیلڈنگ کو شکست ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دیانتداری سے بات کی جائے تو ہمیں میچ میں شکست کا سامنا فیلڈنگ کی وجہ سے ہوا، ہم نے فیلڈ پر اضافی بیس سے پچیس رنز دیئے جو کہ میرے لیے فکرمندی کا باعث ہے۔

تاہم انہوں نے ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں نے اچھی فائٹ کی اور نو سے زائد کی اوسط کو برقرار رکھتے ہوئے میچ کو آخری اوور تک لے گئے ۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Dec 19, 2014 12:57am
یہ میچ ملتوی کردیا جاتا تو اچھا ھوتا ھے کرکٹ بورڈ. نے پیسے کی وجہ سے میچ ملتوی نہیں کیا جو کہ انتہائی شرمناک اور افسوسناک ھے