پیٹرولیم مصنوعات مزید 12 روپے تک سستی ہونے کا امکان

18 دسمبر 2014
ایک پٹرول پمپ کا منظر— رائٹرز فوٹو
ایک پٹرول پمپ کا منظر— رائٹرز فوٹو

اسلام آباد : عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت دس ڈالر فی بیرل تک گرنے کے بعد یکم جنوری سے پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بارہ روپے فی لیٹر تک کمی کا امکان ہے تاہم ایل پی جی کی قیمتوں میں 10 سے 20 روپے فی کلو تک کا اضافہ کردیا گیاہے ۔

ڈان نیوز کے مطابق پیٹرول 10 روپے 15 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کا امکان ہے ،اس کے علاوہ ہائی آکٹین 12 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل 6 روپے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت 5 روپے 30 پیسے فی لیٹر کم ہونے کا امکان ہے۔ مٹی کا تیل بھی 5 روپے فی لیٹر سستا ہوسکتا ہے۔

اوگرا کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات قیمتوں کی سمری 29 دسمبر کو ارسال کی جائے گی۔

دوسری جانب ایل پی جی کی قیمتوں میں 10 سے 20 روپے فی کلو تک کا اضافہ کردیا گیا ہے، جس کے بعد گھریلو سلنڈر ڈیڑھ 100 سے 365 روپے اور کمرشل سلنڈر 1 ہزار روپے تک مہنگا ہوگیا ہے ۔

چیئرمین آل پاکستان ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کے مطابق سات روز کے دوران ایل پی جی کی قیمت میں پینتالیس روپے فی کلو تک اضافہ ہوچکا ہے جس کے باعث ایل پی جی کی قیمت 130 روپے سے 180 فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔

عرفان کھوکھر نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں کمی لانے کیلئے احکامات جاری کیے جائیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Saeed Siddiqi Dec 18, 2014 07:45pm
,Zarorat es Bat ki H K Faida Awam Tak Sahi Tareeke Se Poache