پاکستان نیوزی لینڈ آج فیصلہ کن معرکے میں آمنے سامنے

19 دسمبر 2014
شاہد آفریدی سیریز میں پاکستان کے سب سے کامیاب کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی
شاہد آفریدی سیریز میں پاکستان کے سب سے کامیاب کھلاڑی ثابت ہوئے ہیں۔ فوٹو اے ایف پی

ابو ظہبی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کا آخری اور فیصلہ کن معرکہ آج ابو ظہبی میں کھیلا جائے گا جہاں دونوں ٹیمیں سیریز اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گی۔

ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز ڈرا ہونے کے بعد آخری ایک روزہ میچ کا فاتح ناصرف سیریز بلکہ مکمل دورہ اپنے نام کر لے گا۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے ڈرا ہونے کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز کا بھی یہی نتیجہ رہا تھا۔

ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کی طرح پاکستان نے ایک روزہ میچز میں بھی دو مرتبہ برتری حاصل کی لیکن دونوں مرتبہ نیوزی لینڈ نے روایت برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں کامیاب انداز میں واپسی کی۔

میچ میں دونوں ٹیموں کے قائدین اہم کھلاڑی تصور کیے جا رہے ہیں جہاں دونوں ہی کھلاڑیوں نے اب تک اپنی اپنی ٹیموں کے لیے فتح گر اننگ کھیلی ہیں۔

آفریدی کو یونس خان، سرفراز اور حارث سہیل کا ساتھ حاصل ہے تو دوسری جانب کین ولیمسن اپنے تیز رفتار باؤلرز ایڈم ملنے اور ہنری پر انحصار کریں گے۔

پاکستان کے لیے یہ میچ اس لیے بھی زیادہ اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز سے قبل ان کا آخری ایک روزہ میچ ہے۔

کوچ وقار یونس نے بھی اس میچ کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانچویں اور آخری ون ڈے میں کامیابی سے ورلڈکپ سے قبل قومی ٹیم کا مورال بلند ہوگا۔

قار یونس نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس سیریز کے اختتام پر پاکستان کو آئندہ سال فروری مارچ میں شیڈول ورلڈکپ سے قبل یہ اندازہ ہوسکے گا کہ وہ کس پوزیشن پر کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں آخری ون ڈے جیتنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس سے ہمیں یہ اندازہ کرنے میں مدد ملے گی کہ ورلڈکپ کے لیے حتمی پندرہ رکنی اسکواڈ میں کس کو لیا جانا چاہئے۔

وقار یونس نے چوتھے ون ڈے میں یونس خان اور شاہد آفریدی کی بیٹنگ کو سراہا اور کہا کہ یونس کی فارم بہت اہمیت رکھتی ہے، اس نے اپنی حقیقی صلاحیت ہمارے سامنے ثابت کی ہے۔

میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی متوقع ہے اور اوپننگ پوزیشن پر ناصر جمشید کی ناکامی کے بعد اسد شفیق کو مڈل آرڈ میں واپس لائے جانے کا امکان ہے جبکہ احمد شہزاد کے ساتھ محمد حفیظ اوپننگ کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب کیوی اسپنر ڈینیئل ویٹوری بھائی کی شادی کے باعث واپس نیوزی لینڈ روانہ ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ ناتھن میک کولم کو میدان میں اتارے جانے کا قوی امکان ہے۔

ابو ظہبی کی پچ سلو اور ایک بار پھر بیٹنگ کے لیے سازگار ہو گی اور پہلے بیٹنگ کرنے والی ٹیم اس سے نفسیاتی برتری حاصل کر سکتی ہے۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں