سانحہ پشاور: دلیپ کمار کا دل صدمے سے چور

اپ ڈیٹ 19 دسمبر 2014
دلیپ کمار — اے ایف پی فوٹو
دلیپ کمار — اے ایف پی فوٹو

بولی وڈ لیجنڈ دلیپ کمار نے سانحہ پشاور پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہلاک ہونے والے بچوں کے والدین سے ملنے کے خواہشمند ہیں۔

دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے لیجنڈ اداکار کی جانب سے بتایا کہ پشاور میں پیدا ہونے والے یوسف خان المعروف دلیپ کمار کو اس سانحے سے بہت دھچکا لگا ہے۔

دلیپ کمار کا کہنا تھا کہ میں پشاور میں پیدا ہوا اور اب بھی میرے ذہن میں اس خوبصورت شہر کی متعدد خاص یادیں زندہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ طالبان دہشت گردوں نے پشاور میں اسکول کے طالبعلموں کے ساتھ جو کیا وہ ناقابل معافی اور بہت بڑا گناہ ہے۔

دلیپ کمار نے کہا کہ پشاور میں ہونے والے قتل عام نے مجھے اندر سے زخمی کردیا ہے جس کی میں الفاظ میں وضاحت نہیں کرسکتا۔

انہوں نے کہا کہ میرا دل ان والدین تک پہنچنے کے لیے بے چین ہے جو حالیہ برسوں میں کسی بھی ملک میں سامنے آنے والے اس بدترین جرم کے نتیجے میں اپنے بیٹوں اور بیٹیوں سے محروم ہوگئے۔

دلیپ کمار نے کہا کہ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ غمزدہ والدین کو اس ناقابل تلافی نقصان اور ذہنی صدمے کی حالت سے باہر نکلنے کے لیے طاقت دے اور میری خواہش ہے کہ ایسا وقت آئے کہ ایسی شیطانی طاقتوں کا خاتمہ کردیا جائے۔

مزید پڑھیں: سانحہ پشاور پر ہمدردی نہیں بلکہ دعاؤں کی ضرورت

بشکریہ انڈین ایکسپریس

تبصرے (0) بند ہیں