انڈیا۔امریکا کشیدگی: ہندوستانی سفارتکار فرائض سے سبکدوش

20 دسمبر 2014
ہندوستانی سفارتکار دیوانی کھوبرا گڑے—  اے ایف پی / فوٹو
ہندوستانی سفارتکار دیوانی کھوبرا گڑے— اے ایف پی / فوٹو

نئی دہلی : امریکا کے ساتھ کشیدگی کا باعث بننے والی ہندوستانی سفارتکار کو میڈیا پر بغیرکسی اختیار کے بیانات دینے کی وجہ سے فرائض سے سبکدوش کردیا گیا۔

خبررساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دیوانی کھوبرا گڑے نامی ہندوستانی سفارتکار کو گزشتہ سال دسمبر میں اس وقت نیویارک میں ایک ملازم کے ساتھ ناروا رویے کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا جب وہ ڈپٹی قونصل جنرل کی حیثیت سے فرائض سرانجام دے رہی تھیں۔

دیوانی نے ان الزمات کی تردید کی اور بعد میں ہندوستان واپس آگئیں، لیکن اس واقعے کے بعد نئی دہلی میں شدید ردعمل سامنے آیا اور اس وقت ہندوستان میں تعینات امریکی سفیر نینسی پاﺅل کو استعفیٰ دینا پڑا۔

اب حکومتی ذرائع کی جانب سے رپورٹس سامنے آئی ہیں کہ دیوانی کھوبرا گڑے کو میڈیا کو بلااجازت انٹرویوز دینے اور اپنے بچوں کی امریکی شہریت کے بارے میں نہ بتانے پر وزارت خارجہ کے موجودہ عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

ذرائع نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ رپورٹس غلط نہیں اور دیوانی کو ہر طرح کے عہدے سے محروم کر دیا گیا ہے۔ اگرچہ وہ وزارت خارجہ کے لیے خدمات سرانجام دیں گی مگر ان کے پاس کوئی مخصوص عہدہ نہیں ہوگا۔

یہ قدم اُس وقت اٹھایا گیا جب دیوانی نے ایک ہفتہ پہلے این ڈی ٹی وی چینیل کو نیویارک میں اپنی گرفتاری اور جامہ تلاشی کے حوالے سے ایک انٹرویو دیا۔

اس انٹرویو کے دوران دیوانی نے کہا کہ ان کے بچے امریکا میں پیدا ہوئے اور انہیں امریکی شہری سمجھا جانا چاہیے اور یہ بیان وزارت خارجہ کے لیے خاصا حیران کن ثابت ہوا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں