لاہور: پاکستان 'اے' کی کینیا کو 108 رنز سے شکست

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2014
کینیا کے کھلاڑی مورس اوما  کے پاکستان کے محمد رمضان کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کا منظر—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
کینیا کے کھلاڑی مورس اوما کے پاکستان کے محمد رمضان کے ہاتھوں آؤٹ ہونے کا منظر—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

لاہور: پاکستان اے ٹیم نے کینیا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میں کینیا کو 108 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر کلین سوئپ کردیا ہے۔

ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پانچویں ون ڈے میں ٹاس جیت کر بیٹنگ شروع کرنے والی پاکستانی ٹیم کو اُس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب محمد رضوان پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

جس کے بعد عمرصدیق 12، بابراعظم 16، کپتان فوادعالم 7 اور زوہیب احمد 14 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

پاکستان اے کی طرف سے مختاراحمد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سینچری اسکور کی اور کینیا کو 169 رنز کا آسان ہدف دیا۔

کینیا کی ٹیم، پاکستان اے کے 169 رنز کے جواب میں مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 24 ویں اوور میں صرف 61 رنزپر پویلین لوٹ گئی۔

پاکستان اے کی طرف سے ضیاء الحق نے چار جبکہ میرحمزہ ، احمد جمال اور سعید اجمل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پاکستان اے اور کینیا کے درمیان کھیلے گئے پانچویں ون ڈے میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) شہریار خان کا کہنا تھا کہ کینیا کی ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے جس پر وہ بے حد مشکور ہیں۔

شہریار خان نے سال 2015 میں مزید کرکٹ ٹیموں کے پاکستان آنے کی نوید سناتے ہوئے اس بات کا بھی اعلان کیا کہ پاکستان اے ٹیم کے کھلاڑیوں کو قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔

اس موقع پر کینیا ٹیم کے کوچ سٹیو ٹیکولو کا کہنا تھا کہ تمام میچز ہارنا افسوسناک ہے تاہم پاکستان آکر وہ بے حد لطف اندوز ہوئے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر 2009 میں ہونے والے حملے کے بعد کینیا، پاکستان کا دورہ کرنے والی دوسری ٹیم ہے جہاں اس سے قبل افغانستان کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔

پاکستان میں کرکٹ کے میدانوں کی رونقیں لوٹنے پر شائقین کرکٹ کافی خوش ہیں اور 13 دسمبر کو پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز کے آغاز سے قبل فضا میں غبارے چھوڑ کر خوشی کا اظہاربھی کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں