دہشت گردی کے خلاف پلان آف ایکشن کی سفارشات تیار

22 دسمبر 2014
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان— اے ایف پی فائل فوٹو
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان— اے ایف پی فائل فوٹو

اسلام آباد : ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قائم کی گئی خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے ورکنگ گروپ نے قلیل المدتی اور وسط مدتی پلان کے حوالے سے سفارشات کو حتمی شکل دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق دہشت گردی کے خلاف پلان آف ایکشن کی تیاری حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی اس حوالے سے وزیررداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی زیرصدارت ورکنگ گروپ کا اجلاس اسلام آباد میں تیرہ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا ، جس میں ڈی جی آئی ایس آئی کے ساتھ ساتھ سابق ڈی جی ایف آئی اے طارق کھوسہ، نیکٹاکے کوآرڈنیٹرحامد خان، بریگیڈیئر واجد، ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان، عامر رانا، خواجہ ظہیر، بیرسٹر ظفراللہ، فواد حسن فواد، طارق پرویز، رستم شاہ مہمند نے شرکت کی۔

پارلیمانی جماعتوں کا تشکیل کردہ ورکنگ گروپ اتوار کو تعطیل کے باوجود گھنٹوں سر جوڑ کر بیٹھا رہا اور دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے فوری اور مڈٹرم پلان کی سفارشات مرتب کرلیں۔

توقع ہے کہ یہ سفارشات پیر کو پارلیمانی جماعتوں کی کمیٹی میں پیش کی جائیں گی۔ کمیٹی کی منظوری کے بعد کل جماعتی کانفرنس اور پھر قومی سلامتی کمیٹی ان سفارشات کی منظوری دے گی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پشاور حملے کے بعد پیدا ہونیوالی صورتحال پرغور کیا گیا اور دہشتگردی سے متعلق قوانین کا جائزہ لیا گیا۔

خیال رہے کہ قومی ایکشن کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعے کو اسلام آباد میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کی زیرصدارت ہوا تھا جس میں قانونی اور انتظامی معاملات کو دیکھنے کے لیے ماہرین پر مشتمل ورکنگ گروپ تشکیل دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں