حافظ سعید کو 'صاحب' کہنے پر وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ

22 دسمبر 2014
امیر جماعت الدعوۃ حافظ سعید—۔فائل فوٹو/ ڈان
امیر جماعت الدعوۃ حافظ سعید—۔فائل فوٹو/ ڈان

نئی دہلی: ہندوستان نے اقوام متحدہ سے ممبئی حملوں کے ماسٹر مائنڈ حافظ سعید کے لیے ایک سرکاری دستاویز میں 'صاحب' کا لفظ استعمال کرنے پر وضاحت طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

این ڈی ٹی وی پر شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کمیٹی کے گیری کوئنلین نے 17 دسمبر کو ایک سرکاری اعلامیے میں حافظ سعید کو 'حافظ محمد صاحب' کہہ کر بلایا۔

یہ اعلامیہ کالعدم قرار دی گئی دہشت گرد تنظیم لشکر طیبہ کی سرگرمیوں، منسلک افراد اور اداروں سے متعلق تھا، جس میں القاعدہ کے اس تنظیم سے تعلق کے حوالے سے بات کی گئی۔

واضح رہے کہ انڈیا جماعت الدعوۃ کو ہندوستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث گرداننے کے ساتھ ساتھ 2008 میں ممبئی پر ہونے والے حملوں کا ذمہ دار تسلیم کرتا ہے۔

اقوام متحدہ نے دسمبر 2008 میں حافظ سعید کی تنظیم جماعت الدعوۃ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا، جس کے تحت تنظیم کا اکاؤنٹ منجمد کردیا گیا تھا۔

ممبئی حملوں کے بعد حافظ سعید کو حکومت نے نظر بند کر دیا تھا، تاہم لاہور ہائیکورٹ نے ان کے خلاف دائر تمام مقدمات ختم کرکے ان کی نظر بندی ختم کرنے کا حکم جاری کیا تھا اور جماعت الدعوۃ کو ایک فلاحی جماعت قرار دیتے ہوئے اسے کام جاری رکھنے کی اجازت بھی دی تھی۔

جس کے بعد حافظ سعيد پاکستان ميں باقاعدگی سے منظرعام پر نمودار ہوتے رہتے ہيں اور مختلف عوامی اجتماعات سے خطاب بھی کرتے ہیں۔

جبکہ امریکا نے ان کی گرفتاری پر دس ملین ڈالر کا انعام مقرر رکھا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

ظفر اعوان ایدووکیٹ تلہ گنگ Dec 22, 2014 05:43pm
اب تک تو ہم نے سناتھا کہ اردو میں مسٹر کو صاحب اور عربی میں سید کہ کر پکارا جاتا ہے ، عربی اخبارات مسٹر نہرو کو سید نہرو کہ کر پکارا کرتے تھے کبھی کسی نے احتجاج نہیں کیا ، مودی عالمی روایات بھی بدلنا چاہتا ہے ! ہور چوپو!