ممبئی حملہ: لکھوی کی ضمانت کیخلاف اپیل موخر

اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2014
ذکی الرحمان لکھوی (درمیان) دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے ہوئے ہیں—۔فوٹو/ اے پی
ذکی الرحمان لکھوی (درمیان) دعا کے لیے ہاتھ اٹھائے ہوئے ہیں—۔فوٹو/ اے پی

اسلام آباد: سرکاری استغاثہ اظہر چوہدری کا کہنا ہے کہ انھیں 2008 میں ممبئی حملوں کے مبینہ ماسٹر مائنڈ ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت کے عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل میں تاخیر پر مجبور کیا گیا۔

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی عدالت نے گزشتہ ہفتے ذکی الرحمان لکھوی کی ضمانت منظور کرلی تھی۔


مزید پڑھیں: ممبئی حملہ کیس کےمرکزی ملزم کی ضمانت


ذکی الرحمان کی ضمانت کے فیصلے کے خلاف ہندوستان نے احتجاج کیا تھا، جس کے بعد حکومتی استغاثہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل کی جائے گی۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے اظہر چوہدری نے بتایا کہ مذکورہ اپیل آج بروز پیر دائر کی جانی تھی لیکن وہ ایسا کرنے سے معذور ہیں۔

اظہر چوہدری کا کہنا ہے کہ انھیں ابھی تک عدالتی احکامات کی کاپی موصول نہیں ہوئی، جو قانونی کارروائی کے لیے ضروری ہے اور وہ ضمانت کے احکامات کا مطالعہ کرنےکے بعد اسے چیلنج کریں گے۔

ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے تعلقات انتہائی خراب ہو گئے تھے اور ہندوستان کی جانب سے ذکی الرحمن لکھوی پر ممبئی حملے کے ماسڑ مائنڈ ہونے کا الزام لگایا گیا تھا۔

جس پر پاکستان نے چند سال قبل لکھوی کو مظفر آباد سے واپس آتے ہوئے گرفتار کر لیا تھا۔

ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی نے لکھوی کی ضمانت پر تبصرہ کرتے ہوئے عدالتی فیصلے کو تمام لوگوں کے لیے ایک دھچکا قرار دیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں