ٹنڈولکر ورلڈ کپ 2015 کے سفیر مقرر

22 دسمبر 2014
ہندوستان کے لیجنڈری بیٹسمین سچن ٹنڈولکر—۔ فوٹو اے پی/ فائل
ہندوستان کے لیجنڈری بیٹسمین سچن ٹنڈولکر—۔ فوٹو اے پی/ فائل

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ہندوستان کے لیجنڈری بیٹسمین سچن ٹنڈولکر کو ورلڈکپ 2015 کا سفیر مقرر کردیا۔

اس طرح اسٹار ہندوستانی بیٹسمین ٹنڈولکر مسلسل دوسری مرتبہ عالمی کپ کے سفیرمقرر ہوگئے ہیں۔

کرکٹ کا میگا ایونٹ سجنے میں دو ماہ سے بھی کم وقت باقی رہ گیا ہے اور لٹل ماسٹر کے نام سے مشہور ٹنڈولکر دنیا بھرمیں ورلڈکپ کی تشہیر کے لیے اپنی خدمات سر انجام دیں گے۔

ورلڈ کپ 2015 آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی سرزمین پر 14 فروری سے 29 مارچ کے دوران کھیلا جائے گا۔

سچن ٹنڈولکر 2011 کے کرکٹ ورلڈ کپ میں بھی آئی سی سی کے سفیر مقرر ہوئے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق ٹنڈولکر کا کہنا ہے کہ مسلسل دوسری مرتبہ میگاایونٹ کا سفیر بننا اعزاز کی بات ہے اور چھ ورلڈکپ کھیلنے کے بعد اس ورلڈکپ کو باہر سے دیکھنا ایک نیا تجربہ ہوگا۔

لٹل ماسٹر کا کہنا ہے کہ ورلڈ کی ٹرافی اٹھانا ہرکھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور انہیں خوشی ہے کہ وہ 2011 میں اس اعزاز کوحاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

سولہ سال کی عمر میں کرکٹ کیریئر شروع کرنے والے لٹل ماسٹر سچن ٹنڈولکر 24 برس تک کرکٹ کی دنیا میں ایک معتبر حوالے کے ساتھ موجود رہے۔

ٹنڈولکر نے 198 ٹیسٹ میچز جبکہ 463 ون ڈے میچوں میں اپنے ملک ہندوستان کی نمائندگی کی اور مجموعی طور پر 34 ہزار سے زائد رنز بنائے۔

کرکٹ کے مبصرین ٹنڈولکر کو ویسٹ انڈیز کے معروف بیٹسمین سر ویوین رچرڈ اور لیجنڈری سر ڈان بریڈمین کے ہم پلہ کھلاڑی قرار دییتے ہیں۔

تاہم کرکٹ کے ریکارڈ ساز کھلاڑی سچن ٹنڈولکر نے اپنا 200 واں ٹیسٹ میچ کھیل کر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں